معزز صارفین ہماری ویب سائٹ اپ ڈیٹ ہو رہی ہے۔ اگر آپ کو ویب سائٹ دیکھنے میں دشواری پیش آرہی ہے تو ہمیں اپنی رائے سے آگاہ کریں شکریہ

139 پاکستانی عالمی دہشت گرد

  وقت اشاعت: 04 اپریل 2018

واشنگٹن: اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے دہشت گرد افراد اور ان کی تنظیموں کی ایک مجموعی فہرست تیار کی ہے، جس میں 139 افراد پاکستان سے شامل کیے گئے ہیں۔ اس فہرست میں  پاکستان میں رہنے والے اور یہاں سے کام کرنے والے لوگ شامل ہیں۔ان لوگوں میں  القاعدہ کے  ایمن الظواہری اور لشکر طیبہ کے عسکریت پسند شامل  ہیں۔ ان میں حافظ سعید کا نام بھی شامل ہے۔

اقوام متحدہ کی  اس فہرست میں اسامہ بن لادن کے  وارث ایمن الظواہری کا نام سر فہرست ہے۔ اقوام متحدہ کا دعویٰ ہے کہ وہ ابھی بھی افغانستان اور پاکستان کے سرحدی علاقے میں کہیں چھپا ہوا ہے جبکہ فہرست میں شامل ان کے دیگر افراد بھی ان کے ساتھ چھپے ہوئے ہیں۔ اس فہرست میں دوسرا شخص بھی ایک بین الاقوامی دہشت گرد رامزی محمد بن الشیبہ ہے جو یمنی شہری ہے اور انہیں کراچی میں گرفتار کرکے امریکی انتظامیہ کے حوالے کیا گیا تھا۔

تقریباً ایک درجن سے زائد مشتبہ دہشت گردوں کو ایک ہی کٹیگری کی فہرست میں شامل کیا گیا جو پاکستان میں گرفتار ہوئے اور انہیں امریکی انتظامیہ کے حوالے کیا گیا۔ ان میں سے کچھ کے پاس پاکستانی پاسپورٹ تھا جو مشرق وسطیٰ میں مختلف پاکستانی مشن سے جاری کیا گیا اور پاکستان نے اس کی تجدید کی۔ فہرست میں بھارتی شہری داؤد ابراہیم خاص کر کو بھی شامل کیا گیا اور اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے مطابق ان کے پاس متعدد پاکستانی پاسپورٹس ہیں جو کراچی اور راولپنڈی سے جاری کیے گئے۔ اقوام متحدہ نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ کراچی کے پہاڑی علاقے نورآباد میں داؤد ابراہیم کا ایک شاندار بنگلہ بھی موجود ہے۔

فہرست میں کالعدم جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید کو بھی شامل کیا گیا اور انہیں انٹرپول کی جانب سے دہشت گرد کارروائیوں میں مطلوب شخص کہا گیا ہے۔ ان کے علاوہ حاجی محمد یحییٰ مجاہد، لشکر طیبہ کے میڈیا کوآرڈینیٹر اور حافظ سعید کے نائب عبدالسلام اور ظفر اقبال کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لشکر طیبہ کو اس کے مختلف ناموں منصوریاں، پاسبان کشمیر، پاسبان اہل حدیث، جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے ساتھ شامل کیا گیا۔

فہرست میں الرشید ٹرسٹ، حرکت المجاہدین، اسلامک موومنٹ آف ازبکستان، وفا انسانی تنظیم، جیش محمد، رابطہ ٹرسٹ، امہ تعمیر نو، افغان سپورٹ کمیٹی، اسلامی ثقافتی ورثہ سوسائٹی کی بحالی، لشکر جھنگوی، الحرمین فاؤنڈیشن، اسلامک جہاد گروپ، الاختر ٹرسٹ انٹرنیشنل، حرکت الجہاد اسلامی، تحریک طالبان پاکستان، جماعت الاحرار اور خاطبہ امام البخاری شامل ہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ نے گزشتہ روز  جماعت الدعوۃ  کی ذیلی تنظیموں کے طور پر ملی مسلم لیگ، تحریک آزادیِ کشمیر کو دہشتگرد تنظیم قرار دے دیا تھا۔


 

آپ کا تبصرہ

Donald Trump's policy towards Pakistan

Donald Trump's; the president of US war of tweets was a fierce attack on Pakistan, accusing the country of "lies and deceit" and making "fools" of US leaders. Trump decla

Read more

loading...