معزز صارفین ہماری ویب سائٹ اپ ڈیٹ ہو رہی ہے۔ اگر آپ کو ویب سائٹ دیکھنے میں دشواری پیش آرہی ہے تو ہمیں اپنی رائے سے آگاہ کریں شکریہ

ٹرمپ شمالی کوریا کے رہنما سے ملیں گے

  وقت اشاعت: 09 مارچ 2018

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے سپریم رہنما کِم جونگ کے ساتھ ملاقات کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

 دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات تاریخی ہوگی جسے امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان فاصلے ختم کرنے کے حوالے سے بے حد اہم سمجھا جارہا ہے۔  جنوبی کوریا کے مشیر قومی سلامتی چُنگ یو یونگ نے واشنگٹن میں ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان پہلی ملاقات کا اعلان کیا۔  یہ ملاقات مئی کے آخر میں ہوگی۔

چُنگ یو یونگ حال ہی میں پیانگ یانگ سے لوٹے ہیں جہاں انہوں نے کم جونگ اُن سے ملاقات کی اور ان کے مطابق ’شمالی کوریا کے رہنما نے امریکی صدر سے جلد از جلد ملاقات کی خواہش  کا اظہار کیا تھا۔‘

ٹرمپ نے اس ملاقات کی تصدیق اپنے ٹویٹ پیغام میں کرتے ہوئے کہا ہے  کہ ’ملاقات طے ہوگئی ہے اور کم جونگ اُن نے جنوبی کاریا کے نمائندوں سے جوہری ہتھیاروں کے تخفیف کی بات کی ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’اس عرصے میں شمالی کوریا کوئی میزائل تجربہ بھی نہیں کرے گا، یہ ایک اہم پیشرفت ہے تاہم معاہدہ ہونے تک پابندیاں عائد رہیں گی۔‘ جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن نے اس پیشرفت کو ’معجزہ‘ قرار دیا۔

جنوبی کوریا میں ’سرمائی اولمپکس‘ کے دوران پیانگ یانگ نے اپنا وفد بھی بھیجا تھا، جہاں دونوں ممالک کے مندوبین کے درمیان ملاقات بھی ہوئی، جسے سیئول نے ’امن گیمز‘ قرار دیا اور دونوں ممالک نے ایک ہی پرچم تلے مارچ کیا۔

امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان یہ اہم پیشرفت واشنگٹن اور پیانگ یانگ کے درمیان انتہائی کشیدگی کے بعد سامنے آئی، جس نے دونوں ملکوں کے درمیان جنگ کا ماحول پیدا کردیا تھا۔

چند ماہ قبل ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے کِم جونگ اُن کے قد اور وزن کا مذاق اڑاتے ہوئے انہیں چھوٹا راکٹ مین کہا تھا۔  جس کے جواب میں شمالی کوریا کے رہنما نے امریکی صدر کو ’پاگل‘ اور ’احمق‘ قرار دیا تھا۔

آپ کا تبصرہ

Donald Trump's policy towards Pakistan

Donald Trump's; the president of US war of tweets was a fierce attack on Pakistan, accusing the country of "lies and deceit" and making "fools" of US leaders. Trump decla

Read more

loading...