معزز صارفین ہماری ویب سائٹ اپ ڈیٹ ہو رہی ہے۔ اگر آپ کو ویب سائٹ دیکھنے میں دشواری پیش آرہی ہے تو ہمیں اپنی رائے سے آگاہ کریں شکریہ

پاکستان سپر لیگ 2018 کی ٹرافی کی تقریب رونمائی

  وقت اشاعت: 22 فروری 2018

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی  منعقد ہوئی جس میں  پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی اور تمام چھ ٹیموں کے قائدین نے شرکت کی۔

دبئی میں منعقدہ تقریب میں سوروسکی کی جانب سے بنائی گئی خوبصورت ٹرافی کی  رونمائی کی گئی۔ پی ایس ایل ٹرافی کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایک کالے رنگ کے ڈبے میں آئی سی سی اکیڈمی لایا گیا جہاں سے اسے ہال تک دفاعی چیمپیئن ڈیرن سیمی لے کر آئے۔ پی سی بی اور پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ایک مرتبہ پھر پی ایس ایل کی ٹرافی ڈیزائن کرنے پر سوروسکی کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد انہوں نے لیگ کے تمام چھ ٹیموں کے قائدین کا تعارف کراتے ہوئے پی ایس ایل کو کامیاب بنانے کیلئے ان کا اور فرنچائز کے مالکان کا بھی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے سب سے پہلے دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پاکستان کے ہر گھر میں بستے ہیں اور پاکستان میں ایک سپر اسٹار کا درجہ رکھتے ہیں اور میں انہیں لیگ میں آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ اس کے بعد انہوں نے پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان اور اسلام آباد کے قائد مصباح الحق کا تعارف کراتے ہوئے مصباح الحق ایک انتہائی منفرد انسان ہیں۔  پاکستان کرکٹ کیلئے ان کی خدمات مثالی ہیں۔

لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میک کولم کا تعارف کرواتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ میک کولم کسی تعارف کے محتاج نہیں اور پوری دنیا ان کی قائدانہ صلاحیتوں کی معترف ہے اور ہم پی ایس ایل میں نیوزی لینڈ کی طرف سے میک کولم کی شکل میں نمائندگی پر بہت خوش ہیں۔ نجم سیٹھی نے قومی ٹیم کے قائد اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ سرفراز نے پاکستان کو چیمپیئنز ٹرافی جتوا کر تاریخ رقم کی اور پاکستان بھر کے شائقین کے چہروں پر خوشیاں بکھیریں اور ہمیں امید ہے کہ وہ یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔ اس کے بعد انہوں نے ملتان سلطان کے کپتان شعیب ملک اور کراچی کنگز کے نئے کپتان عماد وسیم کا تعارف کراتے ہوئے انہیں بھی داد و تحسین سے نوازا۔

سپر لیگ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے کپتانوں نے اس بار لیگ جیتنے کے عزم اور خواہش کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے بھی اس مرتبہ بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر چیمپیئن بننے کا اعادہ کیا جبکہ لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میک کولم بھی دو ایونٹس میں ناکامی کے بعد اس مرتبہ ایونٹ جیتنے کا دعویٰ کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے قائد سرفراز احمد نے کہا کہ ہم نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلے دو ایڈیشنز کے فائنل کھیلے اور اس مرتبہ بھی کوشش کریں گے کہ فائنل میں جگہ بنائیں اور اپنے ہوم گراؤنڈ پر فائنل جیتنے کی کوشش کریں۔

نئی ٹیم ملتان سلطان کے کپتان شعیب ملک نے کہا کہ نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کو کامیاب اور اسے برانڈ بنانے کیلئے بہت محنت کی جس کیلئے ان کے شکر گزار ہیں ۔ ہم کوشش کریں گے کہ پہے ہی ایڈیشن میں عمدہ کھیل پیش کرکے ٹرافی اپنے نام کریں۔ کراچی کنگز کے نوجوان کپتان عماد وسیم نے بھی نجم سیٹھی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ٹرافی اس مرتبہ کراچی کنگز ہی جیتے گی۔
 

آپ کا تبصرہ

Donald Trump's policy towards Pakistan

Donald Trump's; the president of US war of tweets was a fierce attack on Pakistan, accusing the country of "lies and deceit" and making "fools" of US leaders. Trump decla

Read more

loading...