معزز صارفین ہماری ویب سائٹ اپ ڈیٹ ہو رہی ہے۔ اگر آپ کو ویب سائٹ دیکھنے میں دشواری پیش آرہی ہے تو ہمیں اپنی رائے سے آگاہ کریں شکریہ

نواز شریف پارٹی صدارت سے نااہل

  وقت اشاعت: 21 فروری 2018

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے انتخابی اصلاحات ایکٹ کیس 2017 کے بارے میں  فیصلہ سنا دیا ہے۔ عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو  مسلم لیگ (ن) کی صدارت کے لیے بھی نااہل قرار دیا ہے۔۔ انتخابی اصلاحات ایکٹ کیس کا متفقہ فیصلہ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے سنایا۔ چیف جسٹس نے کیس کا مختصر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہ اترنے والا یا نااہل شخص کسی سیاسی پارٹی صدارت کا عہدہ نہیں رکھ سکتا۔

فیصلے میں نواز شریف کے بطور پارٹی صدر اٹھائے گئے تمام اقدامات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نواز شریف فیصلے کے بعد جب سے پارٹی صدر بنے تب سے نااہل سمجھے جائیں گے۔ عدالتی فیصلے کے بعد نواز شریف کے بطور پارٹی صدر سینیٹ انتخابات کے امیدواروں کی نامزدگی بھی کالعدم ہوگئی اور مسلم لیگ (ن) کے تمام امیدواروں کے ٹکٹ منسوخ ہوگئے ہیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا وقار نے اس مقدمہ یں دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ سیاسی جماعت بنانے کا حق آئین فراہم کرتا ہے، آئین کے کسی دوسرے آرٹیکل سے اس بنیادی حق کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی انتخابی اصلاحات کمیٹی میں تمام سیاسی جماعتیں متفق تھیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے یہ بھی کہا کہ قانون سازی بنیادی حقوق کے منافی ہو تب ہی جوڈیشل نظر ثانی ہوسکتی ہے۔ رانا وقار کا کہنا تھا کہ آئین کی بنیاد جمہوریت ہے، آئین کے آرٹیکل 17 کے سامنے کسی دوسرے آئینی آرٹیکل کی رکاوٹ نہیں لگائی جاسکتی۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے پوچھا کہ آپ کا مطلب ہے عدالت صرف آرٹیکل 17 کو مدنظر رکھے جس پر رانا وقار نے کہا کہ آرٹیکل 17 کا سب سیکشن سیاسی جماعت بنانے کی اجازت دیتا ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ آرٹیکل 17 کےسب آرٹیکل 2 پر کسی قسم کی کوئی قدغن نہیں ہے۔

شیخ رشید احمد کے وکیل فروغ نسیم نے اپنے جواب الجواب دلائل میں کہا کہ آئین میں لکھا ہے کہ تمام بنیادی حقوق اخلاقیات کے خلاف نہیں ہونے چاہیں، ایسا شخص جو آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتا تو یہ معاملہ عوامی اقتدار کا معاملہ ہے۔ فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ اپنے بنیادی حقوق کے لیے غلط کام کرنا بھی جائز نہیں، کوئی ایسا شخص جس کے خلاف بدعنوانی، ڈرگ مافیا یا چوری کا ڈکلئیریشن ہو وہ کیسے پارٹی سربراہ بن سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی سربراہ کوئی ربڑ اسٹمپ یا پوسٹ آفس نہیں بلکہ وہ ہدایات دینے کا اختیار رکھتا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ میں صرف اس کیس کے لیے خصوصی طور پر بات نہیں کر رہا، تمام چیزیں پارٹی سربراہ کے گرد گھومتی ہیں، لوگ پارٹی سربراہ کے کہنے پر چلتے ہیں اورپارٹی سربراہ پر لوگ جان دینے کے لیے تیار رہتے ہیں۔  ہمارا نظام امریکہ سے مکمل طور پر مختلف ہے۔

جسٹس اعجازالاحسن نے کہنا تھا کہ سیاسی جماعت بنانے کا مقصد حکومت بنانا ہوتا ہے۔  سیاسی جماعتوں میں ون مین شو ہوتا ہے جبکہ چیف جسٹس نے کہا کہ عام لیڈر اور پارٹی سربراہ کے جلسے میں فرق ہوتا ہے، جس کے بعد بنچ نے سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

گزشتہ برس اکتوبر میں انتخابی اصلاحات ایکٹ 2017 کی پارلیمنٹ سے منظوری کے خلاف سپریم کورٹ میں قانون دان ذوالفقار بھٹہ کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 184/3 کے تحت درخواست دائر کی گئی تھی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ پارلیمنٹ کا منظور کردہ بل آئین کی روح سے متصادم ہے کیونکہ اس کے تحت عدالت کی جانب سے نااہل قرار دیا گیا شخص پارٹی صدارت کے لیے اہل قرار پائے گا۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ آرٹیکل ’63 اے‘ کے تحت پارٹی صدر کسی بھی رکن پارلیمنٹ کی اہم امور پر قانون سازی کو کنٹرول کرتا ہے اور اگر اہم امور پر کوئی رکن پارلیمنٹ پارٹی صدر کی مرضی کے خلاف ووٹ دے تو اس کا کیس الیکشن کمیشن کو نااہلی کے لیے بھجوایا جاتا ہے۔

6 نومبر 2017 کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا الیکشن ریفارمز ایکٹ 2017 سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔ 22 نومبر کو چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے انتخابی اصلاحات ایکٹ 2017 کو چیلنج کرنے پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کو ختم کرتے ہوئے سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اس کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، شیخ رشید اور جمشید دستی سمیت 9 درخواست گزاروں نے ایکٹ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، جس کے تحت سابق وزیر اعظم نواز شریف پاناما کیس میں نااہلی کے باوجود پاکستان مسلم لیگ (ن) کی صدارت کے اہل ہوگئے تھے۔

 

آپ کا تبصرہ

Donald Trump's policy towards Pakistan

Donald Trump's; the president of US war of tweets was a fierce attack on Pakistan, accusing the country of "lies and deceit" and making "fools" of US leaders. Trump decla

Read more

loading...