معزز صارفین ہماری ویب سائٹ اپ ڈیٹ ہو رہی ہے۔ اگر آپ کو ویب سائٹ دیکھنے میں دشواری پیش آرہی ہے تو ہمیں اپنی رائے سے آگاہ کریں شکریہ

منو بھائی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے

  وقت اشاعت: 19 جنوری 2018

لاہور: نامور ادیب، شاعر ، کالم نگار ، ڈرامہ نگار منو بھائی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ ان کا اصل نام منیر احمد قریشی تھا لیکن وہ منو بھائی کے قلمی نام سے ہی پہچانے جاتے تھے۔  منو بھائی گزشتہ کچھ عرصے سے علالت کے باعث لاہور کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

منو بھائی کے انتقال سے ادب، صحافت اور ڈرامے کے ایک عہد کا خاتمہ ہو گیا ۔ منو بھائی کی عمر 87 برس تھی۔ وہ 1933 میں وزیر آباد میں پیدا ہوئے ۔  انہوں نے ابتدائی تعلیم وزیر آباد اور اٹک سے حاصل کی ۔ منو بھائی نے مترجم کی حیثیت سے اپنے صحافتی کیرئیر کا آغازکیا ۔ راولپنڈی ، لاہور ، ملتان سمیت مختلف شہروں میں رپورٹر کی حیثیت سے فرائض انجام دیئے ۔ انہوں نے روز نامہ امروز ملتان سے کالم نگاری کا آغاز کیا تھا۔ کالم کے لئے ان کا قلمی نام منوبھائی احمد ندیم قاسمی نے تجویز کیا تھا۔

منو بھائی نے امروز، جنگ اور مساوات سمیت طویل عرصہ تک گریبان کے نام سے کالم تحریر کئے ۔ پی ٹی وی پر انہیں 1982 میں ان کی ڈرامہ سیریز سونا چاندی سے نئی پہچان ملی یہ ڈرامہ کئی حیثیتوں میں پی ٹی وی کے یاد گار ڈراموں میں سے ایک ہے ۔ انہوں نے گم شدہ اور خوبصورت کے نام سے طویل دورانیہ کے ڈرامے بھی تحریر کئے ۔ منوبھائی کی ایک اور ڈرامہ سیریل آشیانہ اور دشت کو بھی بھرپور پذیرائی ملی ۔

منوبھائی کے کالموں کا مجموعہ جنگل اداس ہے کے نام سے 1980 کے عشرے میں شائع ہوا ۔ انہیں ان کی پنجابی شاعر ی کے حوالے سے بھی ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔  انہوں نے پنجابی میں جو نظمیں کہیں وہ زبان زد عام ہیں ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے 2007 میں انہیں تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوزا ۔ منو بھائی نے ایک بھرپور اور متحرک زندگی گزاری۔  آمریت کے خلاف ان کی مزاحمت اور روشن خیالی کے لئے جدو جہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔

منو بھائی کے انتقال پر سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ منو بھائی ترقی پسند دانشور تھے اور صحافت اور ادب کے لیے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

آپ کا تبصرہ

Donald Trump's policy towards Pakistan

Donald Trump's; the president of US war of tweets was a fierce attack on Pakistan, accusing the country of "lies and deceit" and making "fools" of US leaders. Trump decla

Read more

loading...