سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی تیاریاں

اسلام آباد: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ ان کی آمد کے پیش نظر ضروری سامان پاکستان پہنچا دیا گیا ہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ممکنہ طور پر آئندہ ہفتے پاکستان کے دورہ پر آئیں گے۔ ان کی آمد سے قبل تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ پرنس محمد بن سلمان کی آمد کی پیش نظر اسلام آباد کے دو بڑے ہوٹل مکمل طور پر جبکہ دو جزوی طور پر بک کر لیے گئے ہیں۔ سعودی عرب کے میڈیا نمائندے بھی پاکستان پہنچ گئے۔
سعودی ولی عہد کی سیکیورٹی اور ڈاکٹرز کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے۔ دو روز پاکستان میں قیام کے لئے محمد بن سلمان کی ورزش کا سامان، فرنیچر، ضروری اشیا کے 5 ٹرک مقامی ہوٹل پہنچ چکے ہیں۔
محمد بن سلمان کے دورے کے دوران سعودی وفود اسلام آباد کے نجی ہوٹلوں میں قیام کریں گے جبکہ سعودی ولی عہد ممکنہ طور پر وزیراعظم ہاؤس میں قیام کریں گے۔ شہزادہ محمد بن سلمان پہلی مرتبہ پاکستان کے دورے پر آئیں گے۔ انہیں وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے دورے کی دعوت دی تھی۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کئی دہائیوں پرانے تعلقات ہیں اور سعودی ولی عہد کی پاکستان آمد کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان متعدد معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔

Comments:- User is solely responsible for his/her words