کینیڈا میں مسجد پر حملے کے ملزم کو 40 سال قید کی سزا

کیوبیک: کینیڈا کی عدالت نے 2017 میں مسجد پر حملہ کرکے 6 مسلمانوں کو قتل کرنے والے فرانسیسی نژاد کینیڈین شہری کو 40 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق کیوبیک کی اعلیٰ عدالت کے جج جسٹس فریکوئین ہاؤٹ نے سزا سناتے ہوئے الیگزنڈر بسسنٹٹ کے حملے کو ناپسندیدہ قرار دیا۔ انتیس سالہ الیگزنڈر بسسنٹٹ پر گزشتہ سال مارچ میں قتل اور اقدام قتل کے تحت 6 الزامات لگائے گئے تھے۔
جنوری 2017 کو اسلامک کلچرل سینٹر میں فائرنگ کی گئی تھی۔ اس وقت وہاں 50 سے زائد افراد نماز کی ادائیگی میں مصروف تھے۔ مجرم نے مقدمہ کے دوران افسوس اور ندامت کا اظہار کیا تھا۔ تاہم اس کا کہنا تھا کہ اسے اپما مؤقف وضاحت سے پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔
عدالت میں دیئے گئے ملزم کے بیان میں بتایا گیا کہ وہ ’نہ تو دہشت گرد ہے اور نہ ہی وہ اسلامو فوبیا کا شکار ہے لیکن وہ خوف، منفی خیالات اور نا اُمیدی کے حوالے سے انتہائی برے قسم کے اثرات کا شکار تھا‘۔
دوسری جانب پولیس کی تفتیش کے مطابق الیگزنڈر بسسنٹٹ نے تحقیقاتی افسروں کو بتایا تھا کہ جس وقت اس نے حملہ کیا اس کا مقصد اپنے اہل خانہ کو دہشت گردوں سے بچانا تھا۔ ملزم نے حملے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وہ اس وقت مکمل طور پر آپے سے باہر ہوگیا تھا جب اس نے سنا کہ کینیڈا کی حکومت مزید مہاجرین کو ملک میں بسانے کے بارے میں سوچ رہی ہے۔
29 جنوری 2017 کو مسجد میں الیکشنڈر بسسنٹٹ کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے تھے جن کی عمریں 39 سے 60 سال کے درمیان تھیں۔

Comments:- User is solely responsible for his/her words