بھارت میں کورونا کیسز کی تعداد 50 لاکھ سے بڑھ گئے

  • بدھ 16 / ستمبر / 2020
  • 290

بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ بدھ کو بھارت میں 'کووڈ 19' میں مبتلا 90 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا کا شکار مریضوں کی مجموعی تعداد 50 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔

خیال رہے کہ امریکہ کے بعد بھارت وہ دوسرا ملک ہے جہاں کیسز کی تعداد 50 لاکھ سے زیادہ ہے۔  بھارت میں کورونا وائرس سے 82 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 'کووڈ 19' کا شکار 1290 مریض ہلاک ہوئے ہیں۔

بھارت میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم 'نیشنل کیمپین اگینسٹ ٹارچر' نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ملک کی 1350 جیلوں میں سے 351 میں کورونا وائرس کے مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بھارت کی 36 ریاستوں میں سے 25 کی مختلف جیلوں میں کورونا وائرس کے مریض پائے گئے ہیں۔ بھارتی ریاست اترپردیش کی 35 جیلوں میں کورونا وائرس کے مریض موجود ہیں۔

مدھیہ پردیش، مہاراشڑرا، اڑیسہ اور آندھرا پردیش میں بھی بالترتیب 34، 32، 31 اور 28 جیلوں میں کورونا کے مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 665 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 'کووڈ 19' میں مبتلا چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد تین لاکھ، تین ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ اموات چھ ہزار 300 سے زائد ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے 'ایکٹو کیسز' صرف پانچ ہزار 936 رہ گئے ہیں۔ دو لاکھ 90 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

loading...