اسپیشل لوگوں کے بارے میں سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ

  • ہفتہ 15 / اگست / 2020
  • 1230

عدالت عظمیٰ نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو معذور کا لفظ استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔ جس کے بعد سرکاری سطح پر معذور کا لفظ استعمال کرنا توہین عدالت شمار ہوگا۔

سپریم کورٹ نے معذور افراد کے ملازمت میں کوٹہ سے متعلق کیس کے فیصلے میں حکم دیا کہ وفاق اور صوبائی حکومتیں سرکاری سطح پر معذور کا لفظ استعمال کرنا بند کر دیں اور اس کی وجہ معذوری کا حامل شخص یا منفرد صلاحیتوں کا حامل شخص لکھا اور پڑھا جائے۔ معذور لفظ استعمال کرنے سے عزت نفس مجروح ہوتی ہے۔ سرکاری خط و کتابت، سرکولرز اور نوٹی فکیشن میں معذور نہ لکھا جائے۔

علاوہ ازیں عدالت عظمیٰ نے نے ایک ماہ کے اندر میرٹ کے مطابق معذوری کے حامل افراد کے لیے کوٹہ پر بھرتیوں کا حکم بھی صادر کردیا۔  سپریم کورٹ نے درخواست گزار عبید اللہ کو ملازمت نہ دینے کا لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ایک ماہ کے اندر میرٹ کے مطابق معذوری کے حامل افراد کے کوٹہ پر بھرتیاں کرنے کا حکم دے دیا۔ واضح رہے کہ درخواست گزار عبید اللہ نے معذور کوٹہ پر ملتان میں سینئر ایلیمنٹری اسکول ایجوکیٹر کے لیے اپلائی کیا تھا۔

81 نشستوں میں سے صرف عاصمہ قاسم کو معذور کوٹہ پر ملازمت دی گئی جبکہ قانون کے مطابق 81 میں سے 5 نشتیں معذور کوٹہ کی بنتی تھیں ۔

بعدازاں عبید اللہ نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ آئینِ پاکستان معذوری کے حامل افراد کو عام افراد کے مساوی حقوق دیتا ہے جبکہ ڈس ایبل پرسن آرڈیننس کے مطابق کسی شعبے میں کُل ملازمتوں میں 2 فیصد کوٹہ معذوری کے حامل افراد کے لیے مختص ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے مطابق پاکستان میں 33 لاکھ سے 2 کروڑ 70 لاکھ افراد کسی نہ کسی جسمانی معذوری سے دوچار ہیں اور معاشرے انہیں حقارت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ عام تاثر ہے کہ معذوری کے حامل افراد کوئی کام درست انداز میں نہیں کرسکتے۔

عدالت نے کہا وفاقی اور صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ معذور افراد کو ملازمت سرانجام دینے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں اور ان کی سہولت کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔  واضح رہے کہ 27 جولائی کو سپریم کورٹ نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ملازمتوں، آمدورفت اور رہائش کے ساتھ ساتھ عوامی مقامات پر معذور افراد کو ہر سہولت پہنچانے کا حکم دے دیا تھا۔

جسٹس اعجاز الاحسن کے تحریر کردہ 11 صفحات پر مشتمل فیصلے میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو معذور افراد کی ملازمت کے کوٹے میں شامل خالی اسامیوں کے لیے اشتہار دینے کا بھی کہا گیا تھا اور یہ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تھی کہ کامیاب امیدواروں کا تقرر ان کے علاقائی کوٹے میں ہو۔

loading...