کورونا کے باعث یوم آزادی کی محتاط تقریبات

  • جمعہ 14 / اگست / 2020
  • 810

ملک بھر میں پاکستانی قوم آج 14 اگست 2020 کو بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ اپنا 74 واں یوم آزادی منا رہی ہے۔

دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد وطن عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعاؤں سے ہوا جبکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی بھارتی غلامی سے نجات کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔ کورونا وائرس کے باعث وزارت صحت کی جانب سے جشن آزادی کی تقریبات میں خاص احتیاط برتنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔

جشن آزادی کی مرکزی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت عارف تھے اورتقریب میں وفاقی وزرا سمیت اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔ صبح سویرے کراچی میں مزار قائد پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان نیول اکیڈمی کے 2 دستوں نے گارڈ کے فرائض سنبھالے۔

دوسری جانب لاہور میں شاعر مشرق علامہ اقبال کی آخری آرام گاہ پر بھی گارڈز کے تبدیلی کی تقریب ہوئی اور مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئیں۔ بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی وزرا اور اعلیٰ افسران کے ہمراہ مزار اقبال پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

loading...