پاکستان کی برآمدات میں 12 ارب ڈالرز تک اضافہ ہو سکتا ہے: عالمی بینک

  • بدھ 12 / اگست / 2020
  • 1600

عالمی تجارتی تنظیم انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر (آئی ٹی سی) نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ کورونا وبا کے باوجود پاکستان اپنے تجارتی شعبے میں اصلاحات لا کر آئندہ تین سال کے دوران اپنی برآمدات میں 12 ارب ڈالرز اضافہ کر سکتا ہے۔

عالمی بینک کے اشتراک سے مرتب کی گئی اس جائزہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے نصف سے زائد برآمد کنندگان کو ملکی اور غیر ملکی ریگولیٹری قوانین کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔  آئی ٹی سی کی جائزہ رپورٹ کے مطابق پاکستان ٹیرف قواعد و ضوابط میں مناسب اصلاحات سے اپنی برآمدات میں نمایاں اضافے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ جائزہ رپورٹ لگ بھگ 1200 کاروباری افراد کی رائے پر مبنی ہے جس میں پاکستان میں زیادہ تر برآمدی شعبے سے وابستہ کاروباری برادری کو درپیش تجارتی رکاوٹوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔  رپورٹ کے مطابق نصف پاکستانی برآمد کنندگان کو پاکستان اور بیرون ملک تجارت سے متعلق قواعد و ضوابط یا متعلقہ طریقہ کار پر عمل کرنے میں بظاہر مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کئی ممالک میں سخت قوانین نافذ ہیں جن میں درآمدات کی مکمل جانچ پڑتال اور لائسنس کے اجرا کے لیے درکار اقدامات پر عمل درآمد کی شرائط بھی شامل ہیں جنہیں بہت سے پاکستانی ایکسپورٹرز پورا نہیں کر پاتے۔  رپورٹ میں حکومت اور نجی شعبے کو ایسی تجاویز دی گئی ہیں جن پر عمل کر کے عالمی مارکیٹ میں پاکستانی برآمدات کو بڑھایا جا سکتا ہے۔ ان میں برآمدی اشیا کا معائنہ، ٹیکس کی واپسی سمیت لائسنس کے اجرا کے معاملات  شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 45 فی صد ایسے اقدامات جن کی وجہ سے پاکستانی برآمد کنندگان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ان کا تعلق پاکستان سے ہے اور ان کو مقامی سطح پر حل کیا جاسکتا ہے۔ دوسری طرف پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ حکومت کاروباری شعبے کی مشکلات حل کرنے سمیت پاکستانی برآمدات کے لیے نئی منڈیوں کی تلاش بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ برآمد کنندگان کے مطالبے پر اسٹیٹ بینک اور پاکستان کسٹم نے کسٹم ڈیوٹی ڈرا بیک کو ایکسپورٹرز کے اکاوئنٹس میں براہ راست منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ ان کے بقول حکومت کی کوششوں سے بعض افریقی ممالک کو ہونے والی پاکستانی برآمدات میں قدرے اضافہ ہوا ہے۔

loading...