ملک بھر میں کورونا کے باعث احتیاطی تدابیر کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے

  • ہفتہ 01 / اگست / 2020
  • 500

کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر پاکستان بھر میں احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائی گئی۔

ملک بھر کے مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی گئی۔ تاہم عیدالفطر کی طرح عیدالاضحیٰ پر بھی حکومت کی جانب سے جاری کردہ پابندیوں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔  اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں نمازِ عید کی ادائیگی کے لیے اجتماعات منعقد کیے گئے۔

اسلام آباد میں فیصل مسجد میں نمازِ عید کا سب سے بڑا اجتماع منعقد ہوا، لاہور کے گورنر ہاؤس ، باغ جناح ، بادشاہی مسجد سمیت بیشتر مساجد اور دیگر مقامات پر عید کی نماز ادا کی گئی۔  کوئٹہ میں 180 سے زائد مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے جن میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر امت مسلمہ کی فلاح و بہبود اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور کورونا وائرس کی وبا کے خاتمے کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

کورونا وائرس کے باعث کراچی میں سڑکوں پر جانوروں کی قربانی کی اجازت نہیں تھی اور صرف حکومت سندھ کی جانب سے مختص کیے گئے ذبیحہ پوائنٹس پر ہی قربانی کی اجازت ہے تاکہ صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جاسکے اور عید الاضحی کے موقع پر آلائشیں ہٹانے کا کام آسانی سے انجام دیا جاسکے۔

اسلام آباد میں وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عید کے موقع پر قبرستان اور مزارات بھی بند تھے۔  حکام کی جانب سے کیسز کی دوسری لہر کے خدشات کے باعث بارہا وارننگ اور ایس او پیز پر عمل کرنے کی درخواستوں کے باجود کچھ مقامات پر سماجی دوری کی خلاف ورزی کی گئی اور بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔

ماہرین نے کورونا وائرس کے خلاف جلد کامیابی کے اعلان کے ساتھ عیدالاضحیٰ کے بعد کیسز میں اضافے سے خبردار کیا ہے جیسا کہ جون میں عیدالفطر کے بعد کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔

ملک بھر میں 31 جولائی سے لے کر 2 اگست تک جبکہ سندھ میں 3 اگست تک عام تعطیل ہے۔ اس دوران تمام سرکاری، نیم سرکاری، نجی ادارے بند رہیں گے۔

وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے بارہا عوام سے سادگی سے عیدالاضحیٰ منانے اور قربانی کے وقت کورونا وائرس سے متعلق حفاظتی تدابیر کا خیال رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔

loading...