احسن اقبال نے وزیر اعظم کے خلاف ریفرنس کے لیے نیب میں درخواست دائر کردی

  • منگل 14 / جولائی / 2020
  • 1430

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے قومی احتساب بیورو میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف ریفرنس کے لیے درخواست دائر کی ہے.

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نارووال اسپورٹس سٹی کے بارے میں الزام عاائد کیا کہ بین الاقومی بارڈر سے 800 میٹر کے فاصلے پر منصوبہ شروع کیا گیا جبکہ یہ ڈیفنس سوسائٹی سے بھی زیادہ دور ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 'نیب نے جب مجھے گرفتار کیا تو انہوں نے جج کے سامنے اعتراف کیا کہ مجھ پر کوئی بدعنوانی کا الزام نہیں بالکہ اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب نے الزام لگایا کہ کھیل صوبائی دائرہ اختیار میں آتا ہے تو میں نے پی ایس ڈی پی میں یہ منصوبہ کیوں ڈالا۔ میں سوال کرتا ہوں کہ اس سال پی ٹی آئی حکومت نے یونین کونسل کی سطح کے منصوبے پی ایس ڈی پی میں شامل کیے ہیں نیب ان کو کیوں نہیں پکڑ رہی۔  انہوں نے کہا کہ بھونڈے مقدمے میں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا کر میری کردار کشی کی گئی اور بین الاقوامی طرز کے منصوبے کو تباہ و برباد کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 2020 میں نجم سیٹھی نے نارووال اسپورٹس سٹی میں پی ایس ایل کا میچ کے انعقاد کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ اسپورٹس سٹی منصوبے کی 86 فیصد فنڈنگ ہوچکی تھی مگر عمران خان نے آتے ہی اس منصوبے کی فی الفور فنڈنگ روک دی جو صرف 14 فیصد باقی رہ گئی تھی جس کی وجہ سے کافی زیادہ تعداد میں درآمد شدہ سامان ضائع ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولت فراہم کرنا جرم ہے تو اس منصوبے کو اجاڑنا اس سے بھی سنگین جرم ہے۔ عمران خان کی وجہ سے اربوں روپے کا نقصان اس غریب ملک کو برداشت کرنا ہوگا جس کے لیے میں نے نیب چیئرمین کو درخواست دی ہے کہ وہ اس حوالے سے تحقیقات کریں۔

انہوں نے کہا کہ نیب مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کو عمران خان کے فرمائشی پروگرام پر گرفتار کر رہا ہے لیکن اسے  پی ٹی آئی کی کرپشن نظر نہیں آتی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بلیک لسٹڈ کمپنیوں کو لاہور اور اسلام آباد میں من پسند ٹھیکوں سے نوازا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اگر آپ دیانت داری کے اتنے چیمپئن ہیں تو چیئر مین نیب کو خط لکھیں اور کہیں کہ میں اپنی کابینہ سمیت خود کو احتساب کے لیے پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 'عمران خان کرپشن کی چھتری بن چکے ہیں جس کے نیچے سب کو تحفظ حاصل ہے۔ پی ٹی آئی کے انتقامی ایجنڈے نے پاکستان کو بدترین فیصلہ سازی کے بحران میں دھکیل دیا ہے۔

loading...