امریکہ میں یومیہ کیسز کا نیا ریکارڈ، پاکستان میں ہلاکتیں پانچ ہزار سے زیادہ ہوگئیں

  • جمعہ 10 / جولائی / 2020
  • 870

امریکہ میں کوورنا سے اموات کی تعداد ایک لاکھ 33 ہزار اور کیسز کی تعداد 31 لاکھ 17 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکہ میں ایک روز کے دوران ریکارڈ 60 ہزار 500 سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جو اس وقت تک ایک روز میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

 امریکہ کی 50 میں سے 41 ریاستوں میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔ امریکہ کے بعد دنیا میں سب سے متاثرہ دوسرا ملک برازیل ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ساڑھے 39 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ وبا سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں بھارت تیسرے نمبر پر ہے۔

پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 75 اموات ہوئیں اور 2751 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پاکستان میں ہلاکتوں کی کل تعداد پانچ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ 2375 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس کے شکار مزید 75 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں وبا سے مرنے والوں کی تعداد پانچ ہزار 58 ہو گئی ہے۔  سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں مزید 2751 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس طرح ملک بھر میں کیسز کی تعداد دو لاکھ 43 ہزار 594 تک پہنچ گئی ہے۔ ایک لاکھ 49 ہزار 92 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کوروناوائرس کی وبا نے دنیا بھر کے ملکوں کے مقابلے میں امریکیوں کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔ ایسے میں طبیعت کی تیزی اور بدمزاجی کے واقعات زندگی کو لاحق خطرات میں مزید اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔

امریکہ میں صحت کے ماہرین ابھی تک کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز سے نمٹنے کی تگ و دو کر رہے ہیں، بعض ریاستوں میں تو دوبارہ لاک ڈاؤن کا مشورہ بھی دیا جا رہا ہے۔ جمعرات کی صبح تک امریکہ میں تیس لاکھ ستاون ہزار سے زیادہ کرونا کے کیسز سامنے آچکے تھے اور مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ بتیس ہزار سے تجاوز کر چکی تھی۔

یہ اعدادوشمار کسی بھی ملک کے لوگوں کیلئے تشویش کا باعث ہو سکتے ہیں اور ہر ذہن میں یہی سوچ ہوگی کہ اس وبا سے کیسے چھٹکارا ملے اور اپنی حفاظت کیلئے کیا کیا جائے۔

loading...