ایک روز میں چار ہزار نئے مریض، کورونا متاثرین کی تعداد 82 ہزار سے بڑھ گئی

  • بدھ 03 / جون / 2020
  • 1260

پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک روز کے دوران چار ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح ملک میں متاثرین کی تعداد  82 ہزار 287 ہوچکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 1717 ہے۔

دنیا بھرمیں کورونا سے متاثرین کی تعداد 64 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد 3 لاکھ 81 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 1639 نئے کیسز اور 30 اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔ حکومت پنجاب نے صوبے کے تمام سرکاری دفاتر میں ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا ہے۔

سندھ اسمبلی کے نو اراکین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی ساجد جوکھیو، سعدیہ جاوید، ڈاکٹر سہراب سرکی، منگلا شرما، تھرپارکر سے رکن صوبائی اسمبلی رانا ہمیر سنگ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سے معظم عباسی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوکر گھر میں قرنطینہ میں ہیں۔ ملیر سے رکن صوبائی اسمبلی غلام مرتضیٰ بلوچ کرونا میں مبتلا رہنے کے بعد منگل کو انتقال کر گئے تھے۔

اس سے قبل پیپلز پارٹی کے رکن اور صوبائی وزیر سعید غنی جب کہ جماعت اسلامی کے واحد رکن اسمبلی سید عبد الرشید کورونا کا شکار ہونے کے بعد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ اسمبلی کے اجلاس سے قبل تمام اراکین کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس سے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے لڑنا نہیں بچنا ہے۔

پاکستان نے بیرون ملک جانے کے خواہش مند افراد کے لیے بین الاقوامی فلائٹ آپریشن جزوی طور پر کھولنے کا اعلان کیا ہے لیکن مشرق وسطیٰ کی اہم ایئر لائن قطر ایئر ویز نے پاکستان سے اپنا آپریشن عارضی طور پرمعطل کردیا ہے۔

سول ایوی ایشن کے جوائنٹ سیکرٹری اور ترجمان عبدالستار کھوکھر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قطر ایئر ویز نے پاکستان کے لیے آپریشن ایک ہفتے کے لیے معطل کردیا ہے۔ اس بارے میں تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ آپریشن معطل ہونے سے بڑی تعداد میں مسافر متاثر ہو رہے ہیں جو پاکستان میں لاک ڈاؤن اور بین الاقوامی فضائی آپریشن معطل ہونے کے بعد پھنس گئے تھے۔

فلائٹ آپریشن معطل کرنے سے متعلق قطر ایئر ویز سے رابطہ کیا گیا، لیکن اُنہوں نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ البتہ سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دگرگوں صورتحال کی وجہ سے فلائٹ آپریشن معطل کیا گیا۔

دوسری جانب پاکستان نے بیرونِ ملک سے وطن واپس آنے والے پاکستانی مسافروں کے لیے کورونا وائرس کی نئی پالیسی کا اطلاق کیا ہے جس کے مطابق پاکستان آنے والی پروازوں کے مسافروں کو کورونا وائرس ٹیسٹ کا ٹیسٹ کروانا لازمی ہوگا۔

loading...