پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز 50 ہزار سے تجاوز کرگئے، اموات 1067 ہوگئیں

  • جمعہ 22 / مئ / 2020
  • 1080

کورونا وائرس سے پاکستان میں اب تک 50 ہزار 694 لوگ متاثر جبکہ 1067 لوگ انتقال کرچکے ہیں۔ دنیا میں کورونا میں مبتلا افراد کی تعداد 51 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ 3 لاکھ 33 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

گزشتہ روز کے دوران پاکستان میں  سب سے زیادہ 50 ہلاکتیں اور 2603 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1067 تک پہنچ گئی ہے۔  پاکستان میں اپریل کے مہینے میں وائرس کے کیسز آہستہ آہستہ بڑھنے شروع ہوئے تھے۔ رواں ماہ میں سب سے خطرناک رہا ہے اور گزشتہ 21 روز میں پاکستان میں 32 ہزار سے زائد کیسز اور 667 اموات کا اضافہ ہوا ہے۔ حکام کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ملک میں لاک ڈاؤن ہٹانے کی وجہ سے آئندہ ہفتے یومیہ کیسز میں 15 سے 20 فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وبا کا پہلا کیس سامنے آنے کے ساتھ ہی مختلف پابندیاں لگائی گئی تھیں جو بعد ازاں لاک ڈاؤن میں تبدیل کردی گئی تھی اور ملک بھر میں کہیں مکمل تو کہیں جزوی لاک ڈاؤن کا یہ سلسلہ 8 مئی تک جاری رہا تھا جس کے بعد 9 مئی سے وزیراعظم نے اس لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار نرمی کا اعلان کردیا تھا۔

نئے کیسز اور اموات کے باوجود قرنطینہ اور ہسپتالوں میں موجود دیگر مریضوں کے لیے جو چیز حوصلہ افزا ہے وہ لوگوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا ہے۔ پاکستان میں اگرچہ مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی لیکن اس وبا سے یومیہ سیکڑوں کی تعداد میں لوگ صحت مند بھی ہورہے ہیں۔

آج کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مزید ایک ہزار 46 لوگ صحتیاب ہوئے جس کے بعد یہاں اب تک وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 15 ہزار 201 ہوگئی۔

سندھ میں مجموعی کیسز کی تعداد 19 ہزار 924 ہے جبکہ پنجاب میں 17 ہزار 382 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں 7 ہزار 155 جبکہ بلوچستان میں 3 ہزار 74 لوگوں کو یہ وائرس اپنا شکار کرچکا ہے۔ اسلام آباد میں یہ تعداد 1326 ہے جبکہ گلگت میں 602 اور آزاد کشمیر میں 158 لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔

loading...