امریکہ میں کورونا وائرس سے ایک روز میں 2000 اموات

  • بدھ 08 / اپریل / 2020
  • 950

امریکہ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کا شکار لگ بھگ دو ہزار مریض ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایک روز میں ہلاکتوں کی یہ اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

کرونا وائرس سے دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتوں کے اعداد و شمار جمع کرنے والے ادارے جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکہ میں مسلسل تیسرے روز ہلاکتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے اور ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 12 ہزار 895 ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بنائی گئی ٹاسک فورس میں شامل ماہرینِ صحت نے متنبہ کیا تھا کہ رواں ہفتہ ہلاکتوں کے اعتبار سے سنگین ہو سکتا ہے۔

امریکی ریاست نیویارک اور نیوجرسی میں اب تک سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ دیگر ریاستوں میں ہلاکتوں کی شرح کم ہے۔ نیویارک میں اب تک ایک لاکھ 38 ہزار 863 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص کی جا چکی ہے جب کہ 5489 اموات ہو چکی ہیں۔  اسی طرح نیو جرسی میں 1232 ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔

اس دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کو غلط مشورہ  دینے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ صورت حال کا جائزہ لے گا۔ ضرورت پڑی تو عالمی ادارہ صحت کی امداد بند کی جائے گی۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت  کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے وقت اس ادارے کی تمام تر توجہ چین کی جانب تھی اور اس نے فضول ہدایات جاری کیں۔

ٹرمپ نے ایک ٹوئٹ میں یہ بھی کہا کہ عالمی ادارہ صحت نے امریکہ کو نقصان پہنچایا ہے۔ امریکہ بھاری رقم کی صورت میں ڈبلیو ایچ او کو امداد دیتا ہے لیکن اس کی تمام تر توجہ چین کی جانب رہی ہے۔ ہم اس معاملے کو درست انداز میں دیکھیں گے۔  یاد رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے 31 جنوری کو تجویز دی تھی کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود وہ اپنی سرحدیں کھلی رکھیں۔ تاہم حکومتوں کو اجازت ہے کہ وہ اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ امریکہ نے اسی روز چین سے امریکہ آنے والوں کا ملک میں داخلہ بند کر دیا تھا۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے ترجمان اسٹیفن دوجیرک نے ادارے پر ہونے والی تنقید کو مسترد کیا ہے۔ تاہم ادارے نے صدر ٹرمپ کے بیان پر ردِ عمل دینے سے گریز کیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایدھینم گیبریاسز کی قیادت اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی نگرانی میں عالمی ادارہ صحت کورونا وائرس کے خلاف شاندار کام کر رہا ہے۔  ان کے بقول متاثرہ ملکوں کو طبی سامان کی ترسیل اور ان کی معاونت سمیت عالمی نظام صحت کو مضبوط بنانے کے لیے عالمگیر ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

loading...