ٹوئٹر بانی کا دولت کا 28 فیصد کورونا بچاؤ مہم میں دے دیا

  • بدھ 08 / اپریل / 2020
  • 1460

دنیا کی سب سے بڑی مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے سربراہ و بانی ڈیک جورسی نے کہا ہے کہ وہ اپنی دولت کا 28 فیصد حصہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کئے جانے والے اقدامات پر خرچ کریں گے۔

ڈیک جورسی نے اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں اعلان کیا کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات اور علاج کے لیے ایک ارب ڈالر سے زائد کی رقم عطیہ کریں گے۔ ڈیک جورسی کی جانب سے اعلان کردہ رقم اب تک دنیا میں کسی بھی شخص کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اعلان کردہ سب سے زیادہ رقم ہے۔

ڈیک جورسی کا شمار دنیا کے امیر ترین افراد میں ہوتا ہے اور انہوں نے اپنے فلاحی کاموں کے لیے اسٹارٹ سمال نامی ایک تنظیم بنا رکھی ہے، جس میں دیگر افراد بھی امدادی کاموں کے لیے رقم جمع کرواتے ہیں۔ ڈیک جورسی نے بھی اعلان کردہ ایک ارب ڈالر کی رقم اپنی ہی فلاحی تنظیم کو عطیہ کی جس کے بعد ان کی فلاحی تنظیم کے عطیات ریکارڈ اضافہ ہوگیا۔

ڈیک جورسی نے کورونا وائرس سے نمٹنے اور اس سے متاثر افراد کے علاج کے لیے رقم خرچ کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ رقم  کن ممالک میں خرچ ہوگی۔ ڈیک جورسی کی جانب سے اعلان کردہ خطیر رقم ان کی مجموعی دولت کا 28 فیصد حصہ بنتی ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ ڈیک جورسی کی اعلان کردہ رقم کا بہت بڑا حصہ دنیا کے مختلف ممالک میں وینٹی لیٹرز سمیت دیگر طبی آلات کی قلت پوری کرنے پر خرچ کیا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق ڈیک جورسی کی جانب سے اعلان کردہ خطیر رقم کو افریقہ اور ایشیائی ممالک میں بھی خرچ کیے جانے کا امکان ہے۔

ڈیک جورسی سے قبل فیس بک کے بانی، آن لائن کمپنی ایمازون کے مالک اور دنیا کے سب سے امیر ترین شخص سمیت ایپل کے سربراہ بھی کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے خطیر رقوم کا اعلان کر چکے ہیں۔

 فیس بک کے بانی مارک زکربرگ اور ان کی اہلیہ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے 25 ملین ڈالر کا اعلان کر رکھا ہے۔  چین کی ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے بھی کورونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات کے لئے ایک کروڑ ڈالر دیے ہیں۔

loading...