کورونا وائرس: کراچی میں مزید 2 اموات، ملک میں متاثرین 1500 سے بڑھ گئے

  • اتوار 29 / مارچ / 2020
  • 1370

کورونا وائرس کا پاکستان میں بھی تیزی سے پھیلاؤ جاری ہے اور یہاں تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی ہے۔ سندھ میں 2 مزید اموات بھی سامنے آئی ہیں۔

26 فروری کو پہلے کیس سے اب تک ملک میں نا صرف 1540 کیس رپورٹ ہوئے بلکہ 14 افراد بھی اس وائرس کا شکار ہوکر انتقال کرگئے۔ ملک کا پہلا کیس سندھ میں سامنے آنے کے بعد اسی صوبے کے متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ تھی تاہم گزشتہ 2 روز میں پنجاب میں تیزی سے بڑھنے والے کیسز کے بعد اب وہاں سب سے زیادہ متاثرین ہیں۔

اس عالمی وبا کے پاکستان میں کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی مختلف صوبوں اور علاقوں نے اقدامات اٹھاتے ہوئے لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیاں لگادی تھیں جبکہ لوگوں کی نقل و حمل کو محدود کردیا گیا تھا۔ تاہم اس کے بعد بھی نئے کیسز کے آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اتوار کو بھی ملک میں نئے افراد اس وائرس کا شکار بنتے نظر آئے۔

سندھ میں کورونا وائرس سے مزید 2 افراد کی اموات کی تصدیق کردی گئی ہے جس کے بعد صوبے میں انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 3 ہوگئی جبکہ متاثرین 469 ہوچکے ہیں۔ پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے مزید 13 کیسز سامنے آئے ہیں۔ محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان قیصر آصف نے بتایا کہ پنجاب میں مصدقہ کیسز کی تعداد 570 تک پہنچ چکی ہے۔ اب تک صوبے میں 5 اموات ہوئی ہیں اور 5 مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں مزید 4 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس طرح وفاقی دارالحکومت میں متاثرین کی تعداد 39 سے بڑھ کر 43 تک پہنچ گئی۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی 9 نئے افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے۔ گلگت بلتستان میں ان نئے کیسز کے سامنے آنے سے متاثرین 107 سے بڑھ کر 116 ہوگئے۔

مجموعی طور پر پنجاب میں سب سے زیادہ 557 افراد متاثر ہیں۔ اس کے بعد سندھ میں 469، خیبرپختونخوا میں 188، بلوچستان میں 138، گلگت بلتستان مین 116، اسلام آباد میں 43 اور آزاد کشمیر میں 2 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اس وائرس سے سب سے زیادہ لوگ بھی پنجاب میں جان سے گئے ہیں اور وہاں تعداد 5 ہے۔

امریکہ میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اٹلی میں وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 10ہزار ہو گئی ہے۔ اعداد وشمار کے حوالے سے بنائی گئی ویب سائٹ نمبرز کےمطابق پاکستان میں مجموعی طور پر 1526 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 28 افراد اس وبا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 13 ہو گئی ہے تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوئی شخص اس وبا سے ہلاک نہیں ہوا۔

loading...