پاکستان کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں: امریکی صدر کا بھارت میں خطاب

  • سوموار 24 / فروری / 2020
  • 1150

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دورہ بھارت کے دوران کہا کہ امریکا کے پاکستان کے ساتھ  بہت اچھے تعلقات  ہیں اور امید ہے کہ خطے میں کشیدگی کم ہوگی۔

بھارت کے دورے کے موقع پر امریکی صدر نے ریاست گجرات کے سب سے بڑے شہر احمد آباد میں نمستے ٹرمپ  نامی ریلی سے خطاب کیا۔ اس تقریب میں آنے والے افراد میں زیادہ تر لوگوں نے سفید ٹوپی پہن رکھی تھی۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا اور بھارت دہشت گردوں کو روکنے اور ان کے نظریے سے لڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔ میری انتظامیہ پاکستانی سرحد سے آپریٹ ہونے والی دہشت گرد تنظیموں اور عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کے لیے پاکستان کے ساتھ بہت مثبت انداز میں کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاکستان کے ساتھ تعلقات بہت اچھے ہیں، جس کا سہرا ان کوششوں کو جاتا ہے۔ ہم پاکستان کے ساتھ بڑی پیش رفت کے آثار دیکھ رہے ہیں۔ ہم کشیدگی میں کمی، وسیع استحکام اور جنوبی ایشیا کی تمام اقوام کے لیے بہتر مستقبل کے لیے پرامید ہیں۔ احمد آباد میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی میں ایک لاکھ سے زائد افراد موجود تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تقریر کے آغاز میں کہا کہ وہ 8 ہزار میل سفر کرکے یہ پیغام دینے آئے ہیں کہ امریکا، بھارت سے پیار کرتا ہے اور امریکا، بھارت کی عزت کرتا ہے جبکہ امریکا ہمیشہ بھارتی عوام کا مخلص اور وفادار دوست رہے گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے نریندر مودی کو 'بہت کامیاب رہنما' قرار دیا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا، بھارت کو ڈرون سے لے کر ہیلی کاپٹر اور میزائل سسٹم تک دفاعی ساز و سامان فراہم کرنے کو تیار ہے۔ وہ دونوں ممالک کے درمیان خلائی تعاون کو بڑھانے کے منتظر ہیں۔ فریقین کے درمیان ناقابل یقین تجارتی معاہدہ حتمی مراحل میں ہے۔ انہوں نے انتہا پسندوں پر حملے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ میری انتظامیہ نے داعش کے قاتلوں پر امریکی فوج کو مکمل اختیار دیا اور آج داعش کی علاقائی خلافت 100 فیصد تباہ ہوچکی ہے۔

امریکی صدر نے اپنے خطاب میں بھارت میں شہریت ترمیمی قانون پر ہونے والے احتجاج پر کوئی بات نہیں کی۔ واضح رہے کہ بھارت میں ہندوقوم پرست حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے لاگو کیے گئے متنازع شہریت قانون کے خلاف بھارت بھر میں احتجاج جاری ہیں۔ جس میں متعدد افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ اس قانون کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔

بھارت کے گن گاتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ وہ بھارت کی قابل ذکر مہمان نوازی یاد رکھیں گے، بھارت ہمارے دلوں میں ایک خصوصی جگہ رکھتا ہے۔ پورے کرہ ارض کے لوگ بھارتی فلمیں، بھنگڑا اور کلاسیکل فلمیں جیسے ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ اور ’شعلے‘ دیکھ کر بہت لطف اندوز ہوتے ہیں۔ آپ سچن ٹنڈولکر اور ویرات کوہلی جیسے عظیم کرکٹرز سے خوش ہوتے ہیں۔

اس تقریب سے خطاب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ موترا اسٹیڈیم میں تاریخ رقم کی جارہی ہے۔ انہوں نے 5 ماہ قبل دورہ امریکا میں ہوسٹن میں ہونے والی 'ہاؤڈی مودی' ریلی کا بھی ذکر کیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ، صاحبزادی اور داماد کے ہمراہ 24 فروری کو بھارت پہنچے۔ جہاں نریندر مودی نے ان کا استقبال کیا اور گلدستہ پیش کرتے ہوئے گلے لگایا تھا۔ اپنے پہلے بھارتی دورے کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ، نریندر مودی سے براہ راست ملاقات کریں گے اور امریکا اور بھارت کے درمیان تجارت کو بڑھانے سمیت کئی اہم معاملات پر مذاکرات کریں گے۔

loading...