پاکستان ایف اے ٹی ایف میں بلیک لسٹ ہونے سے بچ جائے گا

  • منگل 18 / فروری / 2020
  • 820

غالب امکان ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) پیرس میں ہونے والے سالانہ اجلاس میں پاکستان کو بلیک لسٹ نہیں کرے گا لیکن اسے بدستور نگرانی کی فہرست میں رکھ سکتا ہے۔

یہ بات واشنگٹن کے وڈرو ولسن سینٹر میں امور جنوبی ایشیا کے اسکالر مائیکل کلگیلمن نے کہی ہے۔ اجلاس کا آغاز پیر سے ہوگیا تھا لیکن پلانری سیشن کا اجلاس 19 فروری کو ہوگا جو پاکستان کو گرے لسٹ کے نام سے معروف واچ لسٹ میں رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ کرے گا۔

مائیکل کلگیلمن کا کہنا تھا کہ پاکستان کا گرے لسٹ سے اخراج اس کے لیے قبل از وقت ہے۔ اس کا فیصلہ رواں سال بعد میں ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔ البتہ یہ بات میرے لیے واضح ہے کہ پاکستان کو بلیک لسٹ نہیں کیا جائے گا۔

تاہم واشنگٹن کی اٹلانٹک کونسل کے ایک نان ریزیڈینٹ فیلو عذیر یونس کا کہنا تھا کہ اس بات کے اشارے موجود ہیں کہ پاکستان کو ممکنہ طور پر اگر ہفتوں میں نہیں تو آئندہ چند ماہ میں گرے لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس سے مالی سرمایہ کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہوگا، جو ملک کی معیشت کے لیے کم از کم مختصر مدت کے لیے اچھا ہے۔

مائیکل کلگلیمین کا کہنا تھا کہ امریکی حکام کو یقین ہے کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان کے حوالے سے خاصی پیش رفت کی ہے اور حافظ سعید کو دہشت گردی کی مالی معاونت پر سزا بھی ایف اے ٹی ایف اراکین کے لیے حوصلہ افزا اشارہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گرے لسٹ کا سوال مزید پیچیدہ ہوگیا ہے۔ واشنگٹن اب بھی بڑے اور حتمی اقدامات کا منتظر ہے اور یہ انکشاف کے مسعود اظہر ’لاپتہ‘ ہیں اچھا نہیں ہوگا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آنے والے ہفتوں کے دوران جب تک چیزیں تبدیل نہیں ہوں گی پاکستان کو گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے ایف اے ٹی ایف کو قائل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

واشنگٹن کے بروکلین انسٹیٹیوٹ کی مدیحہ افضل نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ حافظ سعید کی سزا ’معنی خیز‘ ہے لیکن اہم بات یہ ہے کہ ان کی اپیل سے کس طرح نمٹا جائے گا۔

پیرس میں ملک کا کیس پیش کرنے والے حکام کو یقین ہے کہ اگر وہ چند مغربی ممالک کو اس بات پر قائل کرنے میں کامیاب ہوگئے کہ اکتوبر 2019 میں ہونے والے ایف اے ٹی ایف کے آخری اجلاس کے بعد اٹھائے گئے اقدامات سے دہشت گردی کی مالی معاونت کا خاتمہ ہوگا، تو اسلام آباد گرے لسٹ سے باہر آسکتا ہے۔

loading...