یوکرائنی مسافر طیارہ ایرانی میزائل سے تباہ ہونے کا اندیشہ

  • جمعہ 10 / جنوری / 2020
  • 760

کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ تہران میں گر کر تباہ ہونے والا یوکرائن کا مسافر طیارہ حادثے کا شکار نہیں ہوا تھا بلکہ وہ ممکنہ طور پر ایران کے میزائل کا نشانہ بنا تھا۔

ایران نے جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے آٹھ جنوری کو عراق میں امریکہ کے دو فوجی اڈوں پر ایک درجن سے زائد بیلسٹک میزائل داغے تھے۔ اسی روز تہران کے امام خمینی ایئرپورٹ سے یوکرائن کے دارالحکومت کیو کے لیے پرواز کرنے والا یوکرائنی مسافر طیارہ بھی گر کر تباہ ہوا تھا۔ طیارے میں سوار تمام 176 مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔ ہلاک مسافروں میں 63 کا تعلق کینیڈا سے تھا۔

جمعرات کو کینیڈین وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہمارے پاس مختلف خفیہ ذرائع سے معلومات اور شواہد ہیں کہ ایران کی سرزمین پر گرنے والا مسافر طیارہ زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے گرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طیارے کی تباہی ممکنہ طور پر غیر ارادی طور پر بھی ہو سکتی ہے جس میں ہمارے 63 شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ان کی حکومت اس وقت تک خاموش نہیں بیٹھے گی جب تک معاملے کی شفاف تحقیقات، احتساب اور انصاف نہیں کیا جاتا۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی حکام نے بھی جمعرات کو سیٹیلائٹ ڈیٹا کی تازہ ترین تصاویر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ اینٹی ایئر کرافٹ میزائل سے ہی مسافر طیارے کو گرایا گیا ہے۔ حکام کا مزید کہنا تھا کہ یوکرائن کا طیارہ بوئنگ 800-737 ایرانی راڈار پر تھا۔ امریکہ کے تین حکام نے بتایا ہے کہ امریکی حکومت سمجھتی ہے کہ ایران نے غلطی سے مسافر طیارہ مار گرایا۔

ایران نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ مسافر طیارہ میزائل سے گرا ہے۔ ایرانی حکومت کے ترجمان علی ربی کا کہنا ہے کہ اس قسم کی تمام اطلاعات ایران کے خلاف نفسیاتی جنگ کا حصہ ہیں۔ ایرانی حکومت کے ترجمان نے پیش کش کی ہے وہ تمام ممالک جن کے شہری حادثے کے شکار طیارے میں سوار تھے، وہ اپنے نمائندے ایران بھیجیں اور ہم طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کو بھی پیش کش کرتے ہیں کہ وہ نمائندے تہران بھیج کر تحقیقاتی عمل کا حصہ بن سکتے ہیں۔

ایران کی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے طیارہ حادثے کی جمعرات کو جاری کردہ رپورٹ میں کہا ہے کہ تین سال پرانا طیارہ پرواز کے فوراً بعد ہی تیکنیکی خرابی کا شکار ہو گیا تھا جو واپس ایئرپورٹ آتے ہوئے گر کر تباہ ہوا۔  

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ وہ یہ نہیں مان سکتے کہ تیکنیکی مسئلے کی وجہ طیارہ گر کر تباہ ہوا۔ صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ  یہ المناک واقعہ ہے، دوسری طرف کسی کی غلطی بھی ہو سکتی ہے۔

loading...