بھارت میں ریپ ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاکت: عوام میں خوشی اور غصہ

  • جمعہ 06 / دسمبر / 2019
  • 1870

بھارت کی پولیس نے حیدرآباد ریپ کیس کے گرفتار چار ملزمان کو مقابلے کے بعد ہلاک کر دیا ہے۔ پولیس کے اقدام پر بھارت میں رائے عامہ تقسیم دکھائی دے رہی ہے۔

ریپ کے ملزمان کی پولیس مقابلے میں ہلاکت کے بعد حیدرآباد کے عوام کی جانب سے پولیس کے حق میں نعرے بازی کی گئی، اُن پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں جب کہ بعض خواتین نے اہلکاروں کو کلائی پر راکھی بھی باندھی۔

دوسری جانب بھارت کے سماجی حلقے اس رجحان کو معاشرے کے لیے خطرناک قرار دے رہے ہیں۔ سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ قانون اور عدالتوں کی موجودگی میں ملزمان کی پولیس مقابلے میں ہلاکت ماورائے عدالت قتل ہے۔ بھارت کی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد کی پولیس نے 27 سالہ وٹرنری ڈاکٹر کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد اسے آگ لگانے کے الزام میں گرفتار چار ملزمان کو جمعہ کی صبح ہلاک کیا ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزمان کو مقابلے کے دوران ہلاک کیا گیا تھا۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق شمس آباد کے ڈپٹی کمشنر پرکاش ریڈی کا کہنا ہے کہ جمعہ کی صبح تقریباً چھ سے ساڑھے چھ بجے کے درمیان پولیس نے حیدرآباد ریپ کیس کی تحقیقات کے لیے جائے وقوعہ کا دورہ کیا تھا جب کہ پولیس کے ہمراہ زیرِ حراست چاروں ملزمان بھی تھے۔ پرکاش ریڈی کے مطابق ملزمان نے اہلکاروں سے اسلحہ چھیننے کی کوشش کی اور اس دوران دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں چاروں ملزمان مارے گئے جب کہ ملزمان کی فائرنگ سے دو اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

اس سے قبل مقامی پولیس حکام کا کہنا تھا کہ چاروں ملزمان کی ہلاکت مقامی وقت کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب تقریباً ساڑھے تین بجے ہوئی۔ پولیس کے متضاد بیانات اور علی الصبح جائے وقوعہ پر ملزمان سمیت تحقیقات کے لیے جانے کے معاملے نے پولیس مقابلے کو مشکوک بنا دیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارت کی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدر آباد میں 27 نومبر کو چار ملزمان نے 27 سالہ وٹرنری ڈاکٹر کو اجتماعی زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کر دیا تھا۔ ملزمان نے خاتون کی شناخت مٹانے کے لیے ریپ کے بعد اس کی لاش کو آگ لگا دی تھی۔ اس واقعے کے خلاف گزشتہ ایک ہفتے سے بھارت کے مختلف شہروں میں سماجی تنظیموں کی جانب سے احتجاج کیا جارہا تھا اور اس واقعے کی گونج پارلیمنٹ میں بھی سنائی دی گئی۔

جمعہ کو زیادتی کے ملزمان کی پولیس مقابلے میں ہلاکت پر کئی بھارتی شہری ملزمان کی ہلاکت کو سراہ رہے ہیں جب کہ بعض اسے ماورائے عدالت قتل سے تعبیر کر رہے ہیں۔ بھارتی خبر رساں ادارے 'اے این آئی' کے مطابق پولیس مقابلے میں چار ملزمان کی ہلاکت کے بعد مقتول وٹرنری ڈاکٹر کے پڑوسیوں نے پولیس اہلکاروں کو راکھی باندھی۔ راشی کھنا نامی ٹوئٹر صارف نے پولیس کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ لگ رہا ہے کہ انصاف ہو گیا ہے۔

سگاریکا گھوسے نامی ٹوئٹر صارف کہتی ہیں پولیس مقابلہ یا ریاست کا قتل۔ عدالت سے باہر فیصلوں کی جمہوریت میں کوئی گنجائش نہیں۔ قانون کے مطابق ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے تھا۔ یہ پاگل پن ہے رکمنی کہتی ہیں یہ ماورائے عدالت قتل ہے اور ہم پرانا اسکرپٹ دیکھ کر اُکتا چکے ہیں۔ یہ انصاف نہیں بلکہ انصاف کی غیر موجودگی میں ایسا ہوتا ہے۔ اُن کے بقول، ہم قانون سے ماورا ہو کر خواتین کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتے اور یہ سمجھنا بہت مشکل ہے۔

loading...