موڈیز نے پاکستانی معیشت کو مستحکم قرار دیا

  • سوموار 02 / دسمبر / 2019
  • 550

وزارت خزانہ کے مطابق عالمی مالیاتی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز انویسٹرز سروس نے پاکستان کا معاشی منظرنامہ منفی سے تبدیل کرکے مستحکم قرار دے دیا ہے۔

وزارت خزانہ کے  بیان کے مطابق موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کی ’بی تھری‘ کے طور پر نئے سروے کے ذریعے تصدیق کردی ہے۔ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ معاشی آؤٹ لک کی ’منفی‘ سے ’مستحکم‘ درجے میں ترقی ملکی معیشت کو سنبھالنے اور مستحکم بنانے کی حکومتی کوششوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق حکومت مستقبل میں تیز تر، پائیدار اور یکساں معاشی ترقی کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر گامزن رہے گی۔ وزیراعظم کے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے موڈیز کی جانب سے پاکستان کے آؤٹ لک کو مستحکم قرار دیے جانے کی خبر کو ٹوئٹ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت حکومت کی جانب سے ملک کی معیشت کے حوالے سے اٹھائے جانے والے کامیاب اقدامات اور مضبوط طویل مدتی ترقی کے لیے بنیاد فراہم کرنے کی عکاس ہے۔

موڈیز کے بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ ملک مقامی اور غیر ملکی کرنسی اور غیر محفوظ قرضوں کی درجہ بندی بی تھری اور آؤٹ لک کو منفی سے مستحکم کردیا گیا ہے۔ موڈیز کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ آؤٹ لک میں یہ تبدیلی ادائیگیوں میں توازن، پالیسی ایڈجیسمنٹ کی حمایت اور کرنسی کی لچک کے باعث سامنے آئی ہے۔ موڈیز کے مطابق اگرچہ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی آئی اور اس کی تعمیر نو میں وقت لگے گا لیکن اس طرح کے اقدامات بیرونی خطرات کو کم کرنے میں مدد فراہم کریں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ کرنسی کی قدر میں کمی کے نتیجے میں ملک کے مالیاتی امور زیادہ تر قرضوں کی سطح کے ساتھ کمزور ہوئے ہیں جبکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ  پروگرام کے ذریعہ پاکستان کی مالی اصلاحات، قرضوں کے استحکام اور حکومتی لیکویڈیٹی سے متعلق خطرات کو کم کردیں گی۔

loading...