وزیر اعظم عمران خان اور صدر حسن روحانی کی ملاقات، خطے میں امن کی خواہش کا اظہار

  • اتوار 13 / اکتوبر / 2019
  • 400

ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران مل کر خطے کے درینہ مسائل کے حل کے لیے پرخلوص کوشیں کرسکتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران ایرانی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے قائدین نے یمن میں جنگ اور ایران پر امریکی پابندیوں سمیت دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔  ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ’میں نے وزیراعظم عمران خان کو بتایا کہ ہم پاکستان کی جانب سے خطے میں امن کی کوششوں کا خیر مقدم کریں گے‘۔

حسن روحانی نے ایران کے دورے پر وزیراعٖظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا۔  ایرانی صدر نے کہا کہ ’خطے کے مسائل مذاکرات اور مقامی وسائل کے ذریعے حل ہونے چاہئیں۔ ہم نے زور دیا کہ مثبت رویہ کا جواب مثبت انداز میں دیا جائےگا‘۔ ہم نے جوہری معاہدہ کی منسوخی اور بحالی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم عمران خان نیویارک میں جنرل اسمبلی سے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے پر حسن روحانی کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم خطے میں تصادم نہیں چاہتے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے گزشتہ 15 برس میں 70 ہزار انسانی جانوں کی قربانی دی، افغانستان تاحال مسائل سے دوچار ہے جبکہ شام میں بدترین صورتحال ہے۔ ہم دنیا کے اس خطے میں مزید تصادم نہیں چاہتے‘۔

وزیر اعظم عمران خان نے واضح کیا کہ سعودی عرب ہمارا قربی دوست ہے۔ ریاض نے ہر مشکل وقت میں ہماری مدد کی۔ ہم موجودہ صورتحال کی پیچیدگی کو سمجھتے ہیں۔ ایران اور سعودی عرب کے درمیان جنگ نہیں ہونی چاہیے۔

وزیر اعظم عمران خان، سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی ختم کروانے کے لئے ثالث کا کردار ادا کرنے کے لیے تہران پہنچے جہاں انہوں نے ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران کو حد سے زیادہ اہمیت دیتا ہے اور خلیج فارس میں تنازعات کے خاتمے کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔  تہران آمد پر ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی سید ذوالفقار عباس بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔  تہران کے دورے میں وزیراعظم عمران خان ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے بھی ملاقات کریں گے۔

loading...