میڈیا قومی مفاد کے خلاف کام نہ کرے: فردوس عاشق اعوان

  • جمعرات 10 / اکتوبر / 2019
  • 210

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میڈیا حکومت پر مثبت تنقید اور بہتر تجاویز دینے کا حق رکھتا ہے لیکن میڈیا کو خیال رکھنا پڑے گا کہ اس کا کردار قومی مفاد سے متصادم نہ ہو۔

اسلام آباد میں قومی کانفرنس برائے ’21 ویں صدی اور میڈیا سافٹ پاور‘ سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ ’حکومت پر تنقید مثبت رویہ ہے لیکن اس کی آڑ میں قومی مفاد کو ٹھیس نہ پہنچائی جائے‘۔  انہوں نے کہا کہ میڈیا کے کردار کو ایک ذمہ دارانہ فرض میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کے 70 سے زائد چینلز پر منفی خبریں اور تبصرے جاری رکھیں گے تو بیرون ملک میں بیٹھے پاکستانیوں کے لیے مایوسی بڑھے گی اور ملکی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جان بوجھ کر قانون کو یرغمال بنایا گیا اور آئین میں مرضی کی تبدیلی لا کر کمزور کیا گیا۔ اپ ملک میں ادارے افراد کے ماتحت نہیں بلکہ افراد اداروں کے ماتحت اور تابع ہوں گے‘۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا حکومت میڈیا کو ریاست کا چوتھا ستون تصور کرتی ہے کیونکہ میڈیا نظریاتی سرحدوں کے امین کا کردار ادا کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی جنرل اسمبلی میں تقریر نے دنیا میں بھونچال برپا کردیا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اسلام کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا۔ اب دنیا کو پیغام دینا ہے کہ پاکستان میں ادارے آزاد اور بااختیار ہیں۔

loading...