وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر سے ملاقات، باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال

  • بدھ 09 / اکتوبر / 2019
  • 240

وزیراعظم عمران خان نے بیجنگ میں چین کے صدرشی جن پنگ سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے مجموعی دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق دونوں ممالک کے وفود کے ہمراہ ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر پیش کردہ موقف پر چینی صدر کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں 2 ماہ سے زائد جاری لاک ڈاؤن کے خاتمے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ وزیراعظم نے چینی صدر کو پاکستان کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان سخت ترین معاشی حالات سے نکل گیا ہے اور اس سلسلے میں چین نے جو مالی تعاون کیا اس کو ہم کبھی فراموش نہیں کریں گے‘۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چین نے حمایت فراہم کرنے کے لیے کبھی ہمارے قومی مفاد کے خلاف کسی چیز کا مطالبہ نہیں کیا اور ہماری غیر مشروط مدد کی۔ چین نے پاکستان کو سخت معاشی حالات سے باہر آنے کا موقع فراہم کیا۔ وزیراعظم نے پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت فراہم کیے گئے تعاون کو سراہا۔

وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو چین کی آزادی کے 70 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سدا بہار ہے۔ وزیراعظم نے بھرپور خیر مقدم کرنے پر بھی صدر شی جنگ پنگ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

دورانِ ملاقات چینی صدر نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے تعلقات کے حوالے سے بات کرنے پر وزیراعظم کی تعریف کی۔ دونوں سربراہان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مستحکم افغانستان خطے میں اقتصادی ترقی اور تعلقات کو فروغ دے گا۔ دونوں نے افغان مفہامتی عمل کی حمایت جاری رکھنے کا بھی عزم ظاہر کیا۔

اس موقع پر صدر شی جنگ پنگ نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اہم قومی مفادا کے لیے چین کی دیرینہ حمایت کا اعادہ کیا۔  انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین کے پاکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط چٹان کی مانند ہیں جو مستقبل میں مزید وسعت پائیں گے۔ انہوں نے سماجی و معاشی ترقی کے لیے حکومت کے عزم کو سراہا۔

loading...