حکومت جیسے آئی اسی طرح چلی جائے گی: مریم نواز

  • بدھ 09 / اکتوبر / 2019
  • 530

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے حوالے سے کہا ہے کہ جس غلط طریقے سے یہ حکومت آئی ہے اسی طرح چلی بھی جائے گی۔

لاہور کی احتساب عدالت میں چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کو پیش کیا گیا۔ اس دوران انہوں نے میڈیا سے غیررسمی گفتگو بھی کی۔ مریم نواز سے پوچھا گیا کہ ایک وزیر نے نام لیے بغیر کہا ہے کہ جیل میں ایک صاحبزادی سے موبائل برآمد ہوا اور اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ مریم نواز نے موبائل فون کی برآمدگی کے الزام کو بے بنیاد قرار دیا۔ مریم نواز نے کہا کہ شرم آنی چاہیے انہیں جنہوں نے الزام لگایا، آئی جی جیل نے تردید کردی ہے کہ مجھ سے کوئی موبائل برآمد نہیں ہوا۔

مولانا فضل الرحمٰن کے لانگ مارچ سے متعلق سوال پر مریم نواز نے کہا کہ جس غلط طریقے سے یہ حکومت آئی اسی طرح سے چلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 'جس طرح جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے اسی طرح دھاندلی زدہ حکومت کے پاؤں نہیں'۔

لاہور کی احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کے عدالتی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی اور ملزمان کو 23 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دیا۔

لاہور کی احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج جواد الحسن نے چوہدری شوگر ملزم کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت قومی احتساب بیورو (نیب) کے پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے الزام میں تحقیقات جاری ہیں۔ تفتیش مکمل ہونے پر ریفرنس دائر کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے منی لانڈرنگ کیس میں نواز شریف کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سماعت کے دوران وکلا کی جانب سے ملزمان سے مشاورت کے لیے علیحدہ کمرے میں ملاقات کی اجازت مانگی گئی۔ عدالت نے ملزمان کی حاضری مکمل کرنے کے بعد وکلا کو مشاورت کی اجازت دے دی۔

loading...