سیکورٹی صورت حال بہتر ہوئی ہے، معاشی ترقی کی گنجائش موجود ہے: آرمی چیف

  • جمعرات 03 / اکتوبر / 2019
  • 340

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کا معیشت سے قریبی تعلق ہے۔ قومی خوشحالی سیکیورٹی ضروریات میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔  پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ملک کی سیکیورٹی صورتحال میں بہتری آئی ہے جس سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی کے لیے مزید گنجائش پیدا ہوئی ہے۔

آرمی چیف نے راولپنڈی کے آرمی آڈیٹوریم میں ’ انٹرپلے آف اکنامک اینڈ سیکیورٹی‘ کے موضوع پر منعقد سیمینار کے اختتامی سیشن سے خطاب کیا جس میں حکومت کی معاشی ٹیم اور مک کی تاجر برادری نے شرکت کی۔  آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ حکومتی معاشی ٹیم کی کاروباری طبقے تک رسائی اور جوابدہی، سرکاری و نجی اداروں کے درمیان بڑھتی ہوئی ہم آہنگی معاشی سرگرمیوں کے لیے مثبت عمل ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ قومی سلامتی کا معیشت سے گہرا تعلق ہے جبکہ خوشحالی کے لیے سیکیورٹی ضروریات اور معاشی ترقی میں توازن ضروری ہے. جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مختلف مباحثوں اور سیمینارز کا مقصد تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا اور آگے بڑھنے کےلیے تجاویز مرتب کرنا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حکومتی معاشی ٹیم نے تاجر برداری کو حکومت کی جانب سے کاروبار میں آسانی کے لیے متعارف کیے گئے اقدامات اور ملکی معیشت کے استحکام کی کوششوں کے حوصلہ افزا نتائج سے آگاہ کیا۔  کاروباری شخصیات نے سیمینار میں ملک میں کاروبار میں آسانی کے لیے حکومتی ٹیم کو تجاویز دیں اور حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد اور ٹیکسوں کی ادائیگی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔

واضح رہے کہ آرمی چیف سے ملاقات کا معاملہ سوشل میڈیا پر اہم موضوع رہا جہاں کچھ صارفین نے سوال اٹھایا کہ کاروباری شخصیات نے معاشی معاملات کے لیے سویلین انتظامیہ تک رسائی کے بجائے براہ راست آرمی چیف سے کیوں ملاقات کی۔

 اکتوبرکو  جاری ہونے والا آئی ایس پی آر کا بیان میڈیا میں زیرگردش ان رپورٹس کے بعد آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ کاروباری شخصیات نے آرمی چیف کے سامنے حکومتی معاشی ٹیم سے شکایات بیان کیں۔

loading...