نیب کے بارے میں تاجروں کے تحفظات دور کئے جائیں گے: وزیراعظم

  • جمعرات 03 / اکتوبر / 2019
  • 570

وزیراعظم عمران خان نے یقین دلایا ہے کی حکومت تاجروں کو نیب سے تحفظ فراہم کرنے کے لئے اقدام کرے گی۔

اسلام آباد میں تاجروں کے ایک وفد سے ملاقات میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تاجر برادری کے لیے آسانیاں پیدا ہوں اور وہ منافع بخش کاروباری سرگرمیاں کرسکے۔ اس سلسلے میں حکومت ان کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ نیب سے متعلق کاروباری برادری کے تحفظات دور کرنے کے لیے لائحہ عمل تشکیل دے دیا گیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم عمران خان سے کراچی، لاہور، اسلام آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد کے ایوان صنعت و تجارت کے موجودہ اور سابق صدور کے وفد نے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی و دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران تاجر رہنماؤں نے معیشت کی بہتری اور کاروباری سرگرمیوں میں تیزی لانے خاص طور پر برآمدات کو بڑھانے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ وفد نے وزیراعظم کو کاروباری برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور اس سلسلے میں مختلف تجاویز پیش کیں۔

وفد کی تجاویز پر وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) سے متعلق کاروباری برادری کے تحفظات کے دور کرنے کے لیے لائحہ عمل تشکیل دے دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں کاروباری شخصیات پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے تاکہ نیب اور کاروباری برادری سے متعلق معاملات کو احسن طریقے سے حل کیا جاسکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کا مستقبل معیشت کی ترقی سے وابستہ ہے۔ کاروباری برادری اور حکومت کی مضبوط پارٹنرشپ معیشت اور ملک کی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کی کامیابی ملک کی کامیابی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ بزنس کمیونٹی کے لیے آسانیاں پیدا ہوں اور وہ منافع بخش کاروباری سرگرمیاں انجام دے سکیں اور اس سلسلے میں حکومت ہر ممکن مدد کرے گی۔

واضح رہے کہ اس ملاقات سے قبل تاجر رہنماؤں کے ایک وفد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی، جس کے بعد انہوں نے راولپنڈی کے آرمی آڈیٹوریم میں 'انٹرپلے آف اکنامک اینڈ سیکیورٹی‘ کے موضوع پر منعقد سیمینار کے اختتامی سیشن سے خطاب کیا تھا۔ اس موقع مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سمیت حکومت کی معاشی ٹیم بھی موجود تھی۔

سیمینار سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کا معیشت سے قریبی تعلق ہے اور خوشحالی سیکیورٹی ضروریات اور معاشی ترقی میں توازن کو فعال کرنا ہے۔

loading...