سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کو کرتار پور راہداری کا افتتاح کرنے کی دعوت دینے کا فیصلہ

  • سوموار 30 / ستمبر / 2019
  • 160

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا ہے کہ پاکستان نے سابق بھارتی وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو کرتار پور راہداری کاافتتاح کرنے کے لئے مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایک ویڈیو پیغام میں پاکستانی وزیر خارجہ نے بتایا کہ نومبر میں کھولی جانے والی اس راہداری کے لئے منموہن سنگھ کو دعوت نامہ بھیجنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نومبر میں بابا گرو نانک کے 550 جنم دن کے موقع پر کھولی جانے والی اس راہداری کے منصوبہ میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔

دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے جارحانہ اقدامات کے باوجود حکومت پاکستان نے کرتار پور راہداری منصوبہ پر کام جاری رکھا تھا۔

کرتار پور راہداری پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلی ویزا فری راہداری ہوگی۔ خیال ہے کہ لاکھوں سکھ زائرین اور دیگر لوگ اس راستے سے پاکستانی علاقے میں گردوارہ دربار صاحب کی زیارت کے لئے آسکیں گے۔

پاکستانی حکام نے اعلان کیا ہے کہ اس راہداری کا افتتاح 9 نومبر کو کیا جائے گا۔ بابا گرونانک کا 550 واں جنم دن 12 نومبر کومنایا جائے گا۔ اس منصوبہ کے تحت روزانہ 5 ہزار یاتری ویزا کے بغیر پاکستانی علاقے میں داخل ہو سکیں گے۔

loading...