پاکستان نے امریکہ کی جنگ میں حصہ لے کر غلطی کی: وزیر اعظم

  • جمعرات 12 / ستمبر / 2019
  • 550

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکا کے کامیاب نہ ہونے کا الزام پاکستان پر لگانا غیر منصفانہ ہے۔ دہشت گردی کے خلاف امریکا کی جنگ میں پاکستان کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

وزیر اعظم عمران خان نے جمعرات کو روسی ٹی وی آر ٹی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف امریکا کی جنگ میں پاکستان کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ ہم نے 70 ہزار جانیں گنوائیں اور 100 ارب ڈالر کا نقصان بھی ہوا۔

پاکستان کو امریکا کی اس جنگ میں غیر جانبدار رہنا چاہیے تھا۔ میں شروع سے ہی اس جنگ کے خلاف تھا کیونکہ اگر ہم نائن الیون کے بعد امریکا کی جنگ نہ لڑتے تو اس وقت ہم دنیا کا خطرناک ملک نہ ہوتے۔ عمران خان نے کہا کہ اتنے نقصانات کے باوجود آخر میں امریکا کی ناکامی پر ہمیں ہی قصوروار ٹھہرایا گیا۔ امریکا اپنی ناکامیوں کا الزام پاکستان پر عائد کرتا ہے۔ یہ پاکستان کے ساتھ ناانصافی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سوویت یونین کےخلاف جنگ کا فنڈ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے دیا تھا اور پاکستان نے مجاہدین کو تربیت دی۔ ایک عشرے بعد جب امریکا افغانستان سے گیا تو کہا گیا کہ یہ جہاد نہیں دہشت گردی ہے۔ یہ بہت بڑا تضاد تھا جسے میں نے محسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جب پاکستان، امریکا کا اتحادی بنا تو یہ گروپس بھی ہمارے خلاف ہوگئے۔

رواں ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغان امن عمل کے سلسلے میں طابان سے جاری مذاکرات کے خاتمے کا اعلان کردیا تھا۔ جس سے افغانستان کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ پاکستان نے بھی اس اقدام پر گہری تشویش کا اظہار کیا تھا۔

loading...