صدر ٹرمپ نے پھر کشمیر پر ثالثی کی پیش کش کردی

  • بدھ 21 / اگست / 2019
  • 450

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ کشمیر کے کشیدہ اور پیچیدہ تنازع پر جوہری قوت کے حامل فریقین بھارت اور پاکستان کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے رواں ہفتے کے اختتام پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے بات چیت کریں گے۔ واضح رہے کہ دونوں رہنما رواں ہفتے فرانس میں ہونے والی جی7 سمٹ میں شریک ہوں گے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ 'کشمیر بہت پیچیدہ جگہ ہے، وہاں ہندو بھی ہیں اور مسلمان بھی اور یہ بات واضح ہے کہ دونوں کے ایک دوسرے سے بہتر تعلقات نہیں۔ میں ثالثی کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گا'۔

خیال رہے کہ امریکی صدر نے پہلی مرتبہ ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ وائٹ ہاؤس میں 22 جولائی کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کی تھی جسے عمران خان نے قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر امریکی صدر مسئلے کو حل کراانے میں کامیاب ہوگئے تو انہیں کروڑوں لوگوں کی دعائیں ملیں گی۔ تاہم بھارت نے اس پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پاکستان سے مذاکرات میں بیرونی مداخلت نہیں چاہتا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ 'میرے نریندر مودی اور عمران خان دونوں سے اچھے تعلقات ہیں۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ حال ہی میں عمران خان یہاں تھے اور میں جلد فرانس میں نریندر مودی سے بھی ملاقات کروں گا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے لگتا ہے کہ ہم بھارت اور پاکستان کے درمیان صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے مدد کر رہے ہیں'۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ 'دونوں ممالک کے درمیان بہت بڑا مسئلہ ہے، یہ بہت سنگین صورتحال ہے۔ اس میں مذہب کا بھی بہت بڑا کردار ہے اور مذہب بھی ایک پیچیدہ موضوع ہے'۔

خیال رہے کہ چند روز قبل ڈونلڈ ٹرمپ کی وزیر اعظم عمران خان سے کشمیر کی صورتحال پر فون پر بات ہوئی تھی۔ ہفتے کے آغاز میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور ڈونلڈ ٹرمپ کی بات ہوئی تھی۔ اس کے بعد ٹرمپ نے عمران خان سے دوبارہ بات کی تھی۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کشیدگی کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور دونوں جانب سے لگائی گئی پابندیوں کو ختم کرنے کا کہا۔

loading...