کابینہ نے نیب قوانین میں ترمیم کا فیصلہ کرلیا

  • بدھ 21 / اگست / 2019
  • 410

وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ حکومت نے قومی احتساب بیورو کے قوانین میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔جبکہ عوام کی آسانی کے لیے ملکی قوانین ویب سائٹ پر  بھی شائع کر دیئے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر فروغ نسیم نے بتایا کہ نیب کے قوانین میں ترامیم کی جارہی ہیں، جس کی منظوری ایک روز قبل وفاقی کابینہ نے بھی دے دی۔  انہوں نے بتایا کہ نیب کی جانب سے گرفتار کیے گئے افراد کی ضمانت کا اختیار ٹرائل کورٹ کو حاصل ہوگا۔

خیال رہے کہ اس وقت نیب کی جانب سے گرفتاری کے بعد ملزم اپنی ضمانت کے لیے متعلقہ ہائی کورٹ سے رجوع کرتا ہے۔ وزیر قانون نے یہ بھی بتایا کہ پلی بارگین سے متعلق بھی ترامیم کی جارہی ہیں۔ نجی کاروباری شخصیات اور کمپنیوں کے خلاف کارروائی کا اختیار بھی نیب سے واپس لے لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی  ہمیشہ سے ہی نیب قوانین کی  مخالفت کرتی رہی ہیں۔ ان جماعتوں کے رہنماؤں نے اسے ’کالا قانون‘ بھی قرار دی اہے۔  پریس کانفرنس کے دوران بیرسٹر فروغ نسیم نے اپنی وزارت کی گزشتہ ایک سال کی کارکردگی بتائی اور خواتین اور بچوں کی مدد  کے لیے خصوصی ایکشن پلان متعارف کروایا۔

فروغ نسیم نے بتایا کہ سول پروسیجر کا ترمیمی بل قائمہ کمیٹی برائے قانون نے منظور کر لیا ہے۔ اس ترمیم کے بعد دیوانی مقدمات جو پہلے 30 سے 40 سال کے دوران طے ہوا کرتے تھے اب ایک سے ڈیڑھ سال میں حل ہو سکیں گے۔  

وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں تبدیلی کے لیے اصلاحات متعارف کروائی جارہی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے عوام کو مسائل سے نکالنے کا عزم کیا ہے اور تحریک انصاف پاکستان کی تقدیر بدلنے کے لیے اقتدار میں آئی ہے۔

loading...