پاکستان نے کشمیر کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کردی

  • بدھ 14 / اگست / 2019
  • 240

پاکستان نے بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی اقدامات پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی باضابطہ درخواست کر دی ہے۔

منگل کو رات گئے جاری کیے گئے ایک ویڈیو بیان میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہوں نے  سلامتی کونسل کے صدر کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی گئی ہے۔ پاکستان نے بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر سے متعلق آرٹیکل 370 اور 35 اے کے خاتمے سے کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کو غیر قانونی اور اقوام متحدہ کی کشمیر سے متعلق قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیتا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خط میں سلامتی کونسل کے اجلاس میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو زیر بحث لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ  کابینہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے رابطہ کرنےکا فیصلہ کیا تھا۔ وزیر خارجہ کے بقول بھارت کی طرف سے جموں و کشمیر میں کیے گئے اقدامات نے خطے اور عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

پولینڈ کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور خطے کی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ نے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں مقامی آبادی کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں ان امور پر بحث ہو گی۔

یاد رہے کہ رواں ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت پولینڈ کے پاس ہے جو سلامتی کونسل کا مستقل رکن نہیں ہے۔ پولینڈ کے وزیر خارجہ نے پاکستانی ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکوں کے درمیان تنازعات بات چیت سے حل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا صدر ہونے کے ناطے پولینڈ خطے کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

بھارت جموں و کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت کو تبدیل کرنے کے اقدامات کو بھارت کا اندرونی معاملہ قراردیتے ہوئے پاکستان کے تحفظات اور موقف کو مسترد کرچکا ہے۔ بھارت کا یہ موقف رہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے معاملے پر دنیا کو گمراہ کر رہا ہے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ نے جموں و کشمیر کے معاملے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں لے جانے کے معاملے پر چین کی قیادت سے مشاورت کے لیے گزشتہ ہفتے بیجنگ کا دورہ بھی کیا تھا۔ پاکستان کے وزیر خارجہ کے بقول اس معاملے پر چین کے وزیر خارجہ نے بیجنگ کی طرف سے پاکستان کی حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔

loading...