مقبوضہ کشمیر میں نویں روز بھی کرفیو برقرار، غذا اور ادویات کی شدید قلت

  • منگل 13 / اگست / 2019
  • 210

مقبوضہ کشمیر میں مسلسل نویں روز کرفیو برقرار ہے۔ گھروں میں محصور کشمیری غذا اور ادویات سے محروم ہیں۔ مقبوضہ وادی میں لینڈ لائن، موبائل فون، انٹرنیٹ اور ٹی وی نشریات بھی بند ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق ہزاروں کشمیریوں نے عید الاضحیٰ کے موقع پر سڑکوں پر احتجاج کیا، مظاہروں کے دوران کشمیری عوام نے بھارت سے مقبوضہ وادی چھوڑنے کا مطالبہ کیا اور آزادی کے نعرے لگائے۔  خیال ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کم از کم 15 اگست کو بھارت کے یوم  آزادی تک جاری رکھا جائے گا۔  مقبوضہ کشمیر کو نئی دہلی کے زیر انتظام لانے کے بھارتی اقدام کے بعد مقبوضہ وادی میں اس کی آبادکاری میں تبدیلی اور شناخت کھونے کا خوف پایا جارہا ہے۔

کشمیر میں دہائیوں سے بھارت کے خلاف بغاوت کی تحریک جاری ہے جس میں تقریباً ایک لاکھ سے زائد کشمیری جاں بحق ہوچکے ہیں۔ بھارت اور پاکستان دونوں کشمیر کے دعوے دار ہیں۔ اس معاملہ پر ان کے درمیان 2 جنگیں بھی لڑی جاچکی ہیں۔

1948 میں لڑی گئی پہلی جنگ کے بعد خطے کو دو حصوں میں تقسیم کردیا تھا۔ وہاں کے عوام سے اقوام متحدہ کی سرپرستی میں ریفرنڈم کا وعدہ کیا گیا تھا جو کبھی پورا نہیں ہوا۔ اسلام آباد نے بھارت کے حالیہ اقدام کو غیر قانونی قرار دیا ہے اور نئی دہلی سے اپنے سفارتی تعلقات محدود کرنے کے علاوہ  تجارت و ٹرین سروسز منسوخ کردی ہیں۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت نے عید الاضحیٰ پر مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں کشمیریوں کی مذہبی آزادی پر قدغن لگائی گئی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ پابندیوں اور لاکھوں کشمیریوں کے بنیادی مذہبی حقوق پر قدغن سے بین الاقوامی انسانی حقوق  کی سگین خلاف ورزی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مقبوضہ وادی فوجی جیل بن گیا ہے جہاں کشمیریوں کو سری نگر کے تاریخی جامعہ مسجد میں عید کی نماز پڑھنے سے روکا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی فون، لینڈ لائن اور سیلولر و انٹرنیٹ سروسز کی گزشتہ ایک ہفتے سے بندش سے کشمیریوں سے مذہبی تہوار کے موقع پر اپنے اہلخانہ اور اپنے پیاروں سے بات کرنے کا حق چھینا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان عالمی برادری، اقوام متحدہ، انسانی حقوق  و دیگر متعلقہ اداروں سے مذہب کے خلاف جرائم اور عالمی قوانین کی پاسداری نہ کرنے پر بھارت کا احتساب کرنے کا مطالبہ کرتا ہے'۔

loading...