کشیدگی کے خاتمے تک پاکستان کا بھارت کیلئے فضائی حدود نہیں کھولےگا

  • جمعہ 12 / جولائی / 2019
  • 390

پاکستان نے بھارت کی جانب سے کشیدہ صورتحال معمول پر نہ آنے تک اپنی فضائی حدود کھولنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہوا بازی کے اجلاس میں سیکریٹری ایوی ایشن نے بتایا کہ بھارتی حکومت نے ہم سے فضائی حدود کھولنے کی درخواست کی تھی۔ جس پر ہم نے انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا کہ پہلے بھارت اپنے لڑاکا طیاروں کو آگے کی پوزیشن سے واپس بلائے۔

دوران اجلاس سیکریٹری ایوی ایشن نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن  کے منافع بخش اور خسارے میں چلنے والے روٹس کے بارے میں قائمہ کمیٹی کے اراکین کے سوالات کا جواب بھی دیا۔ اس موقع پر پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے کمیٹی اراکین کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اعلیٰ حکام کے مطابق آپریشن کی لاگت میں 20 فیصد بچت کے علاوہ متعدد اقدامات سے پی آئی اے کی آمدنی میں 34 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے وضاحت دی کہ سامان کے وزن کی حد میں 11 فیصد اضافے اور کارگو کے بوجھ کو 55 فیصد بہتر بنا کر پی آئی اے نے 2 ماہ کے عرصے میں ساڑھے 3 کروڑ روپے کی بچت کی ہے۔

پی آئی اے کے بیڑے میں اس وقت 28 طیارے شامل ہیں اور 2 نئے طیارے لیز پر بھی لئے جا رہے ہیں۔

loading...