اپوزیشن نے حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کردیا

  • جمعرات 11 / جولائی / 2019
  • 600

حزبِ اختلاف کی رہبر کمیٹی نے نیشنل پارٹی کے سربراہ حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کردیا ہے۔ حاصل بزنجو کی نامزدگی کا اعلان جمعرات کو اسلام آباد میں رہبر کمیٹی کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کیا گیا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہبر کمیٹی کے کنوینر اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اکرم درانی نے بتایا کہ حزبِ اختلاف کی تمام جماعتوں نے متفقہ طور پر حاصل بزنجو کے نام کی منظوری دی ہے۔  نیشنل پارٹی  حزبِ اختلاف کی مرکزی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت کی اتحادی رہی ہے اور حاصل بزنجو بھی سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے قریب سمجھے جاتے ہیں۔

گزشتہ ماہ ہونے والی حزبِ اختلاف کی کل جماعتی کانفرنس میں اپوزیشن جماعتوں نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا۔ حزبِ اختلاف کی جماعتوں نے منگل کو چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد جمع کرائی تھی جس پر قواعد کے مطابق 14 روز میں رائے شماری ہونی ہے۔

حزبِ اختلاف کی جماعتوں کو پارلیمان کے ایوانِ بالا میں واضح اکثریت حاصل ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ بآسانی اپنا چیئرمین سینیٹ منتخب کرالیں گی۔ موجودہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی گزشتہ سال مارچ میں آزاد حیثیت سے چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے تھے اور انہوں نے حزبِ اختلاف کے مطالبے پر مستعفی ہونے سے انکار کردیا ہے۔

حکمران جماعت تحریکِ انصاف اور اس کی اتحادی جماعتوں نے صادق سنجرانی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

 

loading...