پشاوراسلام آباد موٹروے پر حادثہ: 11 افراد جاں بحق، 46 زخمی

  • جمعرات 11 / جولائی / 2019
  • 250

پشاوراسلام آباد موٹروے پر باہتر انٹرچینج کے قریب مسافر کوچ الٹ گئی جس کے نتیجے میں 11 مسافر جاں بحق اور 46 زخمی ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ صبح سویرے شدید بارش اور پھسلن کے باعث پیش آیا۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس پوٹھوہار ٹاؤن سید علی نے بس ڈرائیور کو حادثے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے بس ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا ہے۔ حادثے کے بعد انہوں نے ایم ون موٹروے پر ہر 500 میٹر پر اسپیڈ کیمرا نصب کرنے کی ہدایات بھی جاری کردیں۔

ڈی آئی جی نے متعدد عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈرائیور بس چلاتے ہوئے مسلسل موبائل فون کا استعمال کر رہا تھا جبکہ چند مسافروں کی جانب سے اسے منع کرنے پر بھی وہ باز نہیں آیا تھا۔ پولیس کے مطابق بس ٹرالر کو اوورٹیک کرتے ہوئے بے قابو ہوگئی تھی۔

ٹی ایچ کیو ہسپتال ٹیکسیلا کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حوریہ نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 10 لاشوں اور 8 زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا ہے جبکہ دیگر کو حسن ابدال، واہ کینٹ اور راولپنڈی کے دیگر ہسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔

loading...