دباؤ کے بغیر کھیلیں، ہار جیت کی پرواہ نہ کریں: کرکٹ ٹیم کو عمران خان کا مشورہ

  • اتوار 16 / جون / 2019
  • 340

ورلڈکپ 1992 کی فاتح ٹیم کے کپتان اور ملک کے موجودہ وزیراعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو بھارت کے خلاف میچ  کسی دباؤ کے بغیر کھیلنے کا مشورہ دیا ہے۔

ایک ٹوئٹ پیغام مین انہوں نے اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترنے کا مشورہ بھی دیا۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم ایونٹ میں فیورٹ ضرور ہے لیکن پاکستانی ٹیم ہار کا خوف دل سے نکال کر میدان میں اترے اور آخری گیند تک لڑے۔ اس کے بعد میچ کا جو بھی نتیجہ آئے اسے ایک اچھے اسپورٹس مین کی طرح قبول کریں۔ قوم کی دعائیں تمہارے ساتھ ہیں۔

ایک اور پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کپتان کو آج کے میچ میں ’ریلو کٹے‘ کے ساتھ نہیں بلکہ اسپیشلسٹ بلے بازوں اور باؤلرز کے ساتھ میدان میں جانا چاہیے۔ کیونکہ ریلوے کٹے دباؤ میں اچھی کارکردگی نہیں دکھاتے۔ خاص طور سے جو آج پیدا ہونے والا ہے اس میں ایسے کھلاڑی کام نہیں دیتے۔

سابق کپتان نے موجودہ کپتان کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا مشورہ بھی دیا۔ اس کے  ساتھ ہی  وزیراعظم عمران کا کہنا تھا کہ آج دونوں ٹیمیں بہت زیادہ ذہنی دباؤ کے ساتھ میدان میں اتریں گی اور ذہنی پختگی ہی میچ کے نتیجے کا فیصلہ کرے گی۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے پاس سرفراز احمد کی شکل میں ایک بہادر کپتان موجود ہے اور وہ آج بہترین کارکردگی پیش کرے گا۔ وزیراعظم نے قومی ٹیم کو مشورہ دیا کہ شکست کا خوف نکال دیں کیونکہ انسانی دماغ ایک وقت میں ایک ہی چیز کے بارے میں سوچ سکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شکست کا خوف منفی اور دفاعی حکمت عملی کی جانب لے جاتا ہے اور مخالفین کی غلطیوں کا فائدہ نہیں اٹھاتا۔

اپنے کرکٹ کیریئر کا تجربہ بتاتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جب میں نے کرکٹ شروع کی تو میں سمجھتا تھا کہ جیت کے لیے 70 فیصد ٹیلنٹ اور 30 فیصد ذہنی پختگی کی ضرورت ہوتی ہے۔ لیکن جب میں نے کرکٹ ختم کی تو مجھے احساس ہوا کہ یہ شرح 50-50 فیصد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب میں اپنے دوست گواسکر (سابق بھارتی بلے باز سنیل گواسکر) سے اتفاق کرتا ہوں کہ کرکٹ میں ذہنی پختگی 60 فیصد اور ٹیلنٹ 40 فیصد چاہیے ہوتا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آج میچ میں جیت کے لیے 60 فیصد سے زائد ذہنی پختگی درکار ہوگی۔

loading...