امریکہ ایران تصادم کا خدشہ برقرار ہے: جاپان کا انتباہ

  • جمعرات 13 / جون / 2019
  • 310

جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطی میں کشیدگی برقرار رہی تو جنگ کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

جاپانی وزیر اعظم امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کی کوششوں کے سلسلے میں بدھ کو تہران پہنچے تھے۔ ان کے دورے کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی سب سے بڑی کاوش قرار دیا جا رہا ہے۔

جاپان کے وزیر اعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بدھ کو ایران نواز یمنی حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے ایک  ائرپورٹ کو کروز میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجہ میں متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق حوثی باغیوں کے اس حملے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے اور جاپان کے وزیر اعظم کی مصالحتی کوششوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ خیال رہے کہ ایک سال سے جاری سعودی عرب، یمن جنگ میں اب تک 60 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جنگ کے باعث خطے کا غریب ترین ملک دیوالیے ہونے کے قریب پہنچ گیا ہے۔

ایران نے حال ہی میں عائد ہونے والی امریکی تعزیرات پر 2015 میں امریکہ اور عالمی قوتوں کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے سے دستبردار ہونے کی دھمکی دے رکھی ہے۔ ایران نے معاہدے کے فریق یورپی ممالک کو 7 جولائی تک الٹی میٹم دیا ہے کہ وہ امریکی پابندیوں کے اثرات سے ایران کو بچانے کے لیے اقدامات کریں۔

امریکہ نے گزشتہ ماہ ایران سے تیل درآمد کرنے والے آٹھ ممالک کا استثنٰی ختم کرتے ہوئے اس پر مزید پابندیاں عائد کی تھیں۔ امریکہ کا موقف ہے کہ ایران جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کے علاوہ خطے کے دیگر ممالک کے خلاف مذموم ارادے رکھتا ہے۔

loading...