الیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع میں انتخابات ملتوی کردیے

  • بدھ 12 / جون / 2019
  • 250

الیکشن کمیشن پاکستان  نے خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقے سابق فاٹا میں ہونے والے انتخابات صوبائی حکومت کی درخواست پر 18 روز کے لیے ملتوی کردیے ہیں۔

قبائلی اضلاع میں 16 نشستوں پر 2 جولائی کو انتخابات ہونے تھے تاہم خیبرپختونخوا حکومت نے سیکیورٹی مسائل کی بنا پر انتخابات 20 روز کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔

2018 میں منظور ہونے والی 25 ویں آئینی ترمیم کے تحت الیکشن کمیشن ملک میں 25 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد ایک سال کے اندر قبائلی اضلاع میں انتخابات کروانے کا پابند ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں انتخابات کا فیصلہ کرنے کے لیے اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا، وزارت داخلہ کے حکام او صوبائی الیکشن کمشنر کو بھی طلب کیا گیا تھا۔ جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اپنی درخواست میں حکومت خیبر پختونخوا نے قبائلی اضلاع میں افغانستان کی جانب سے دہشت گردی کے حملوں کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ جس پر الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کی درخواست قبول کرتے ہوئے صوبے میں 18 روز کے لیے انتخابات ملتوی کردیے۔

الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق قبائلی اضلاع کی 16 صوبائی نشستوں پر اب 2 جولائی کے بجائے 20 جولائی کو انتخابات منعقد ہوں گے۔ اس بارے میں خیبرپختونخوا کے وزیراطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا تھا کہ قبائلی اضلاع میں امن و عامہ کی صوتحال سنگین ہے جس کی وجہ سے خدشات ہیں کہ دہشت گرد امیدواروں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سیکورٹی فورسز شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں تلاشی کی کارروائیاں کررہی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے 6 مئی کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے قبائلی اضلاع کی 5 مخصوص نشستوں سمیت 16 نشستوں پر انتخابات کروانے کا اعلان کیا تھا۔

loading...