طارق محمود مرزا کی کتاب’دُنیا رنگ رنگیلی‘ کی اسکینڈے نیوین ممالک میں تقریبات

  • سوموار 20 / مئ / 2019
  • 870

آسٹریلیا  کے مشہور اُردو ادیب طارق محمود مرزا کی نئی کتاب’دُنیا رنگ رنگیلی‘ کی اسکینڈے نیویا کے تین ممالک  ڈنمارک، سویڈن اور ناروے میں تقریبات ِ رونمائی منعقد ہوئیں۔
 طارق محمود مرزاان تقریبات میں شرکت کے لئے خصوصی طور پر ان ممالک کے دورے پر گئے تھے۔ ان کے دورے کا آغاز ڈنمارک کے دارلحکومت کوپن ہیگن سے ہوا جہاں اٹھارہ اپریل کی شام ادبی تنظیم بیلی کے زیرِ اہتمام شاندار تقریبِ رونمائی ہوئی۔ کوپن ہیگن کی دیگر ادبی اور صحافتی تنظیموں نے بھی طارق مرزا کے اعزاز میں خصوصی تقریبات کاانعقاد کیا۔ ان میں یورپین لٹریری سرکل، آپ کی آواز اورہمعصر ڈنمارک شامل ہیں۔
 ڈنمارک کے بعد سویڈن کے شہر سٹاک ہوم میں پاک سویڈن کلچرل سوسائٹی نے بائیس اپریل کی شام طارق مرزا کی کتاب دنیا رنگ رنگیلی کی تقریبِ رونمائی کا اہتمام کیا جس میں سویڈن کے ادبی حلقوں نے بھرپور شرکت کی۔
اسکینڈے نیوین ممالک میں اس سلسلے کی سب بڑی تقریب ناروے کے شہر اوسلو میں ستائیس اپریل کو منعقد ہوئی جس میں ملک کے طول و عرض سے آئے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ اس تقریب میں صدارتی ایوارڈ یافتہ شاعر جمشید مسرور کے علاوہ برطانیہ سے خصوصی طور پر آنے والے شاعر اور ادیب ضمیر طالب نے شرکت کی۔ ناروے کی اس تقریب کا اہتمام وہاں کی سب سے بڑی ادبی تنظیم دریچہ اوسلو نے کیا تھا۔
اس عظیم الشان تقریب رونمائی کے علاوہ مختلف پاکستانی سماجی اور ادبی تنظیموں نے آسٹریلیا سے آئے ہوئے ادیب طارق محمود مرزا کے اعزاز میں متعدد تقریبات منعقد کیں۔ یوں سنگ میل پبلشرز سے چھپنے والی طارق محمود مرزا کی نئی کتاب’دنیا رنگ رنگیلی‘نے اسکینڈے نیوین ممالک میں خوب رنگ بکھیرے۔

loading...