پشاور میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، 5 دہشت گرد ہلاک، ایک پولیس افسر بھی شہید

  • منگل 16 / اپریل / 2019
  • 730

پشاور کے علاقے حیات آباد میں دہشت گردوں کے ساتھ ایک مقابلہ میں سیکورٹی فورسز نے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ یہ دہشت گرد ایک مکان میں چھپے ہوئے تھے۔ مقابلہ ساری رات جاری رہا۔ اس میں پولیس اور پاک فوج کے جوانوں نے حصہ لیا۔ مقابلے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

خبروں مطابق تقریباً 17 گھنٹے تک جاری رہنے والا یہ آپریشن مکمل کرلیا گیا اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے نعرہ تکبیر کی صدا بھی بلند کی جبکہ عوام نے بھی فورسز کے حق میں نعرے لگائے۔ آپریشن مکمل ہونے کے بعد بم ڈسپوزل یونٹ کا گھر اور قریبی علاقے میں حفاظتی تدابیر کے طور پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ آپریشن مکمل ہونے کے بعد متعلقہ مکان کو بارودی مواد سے اڑا کر منہدم کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ فوج اور خیبرپختونخوا پولیس نے پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 7 میں دہشتگردوں کے چھپے ہونے کی خفیہ اطلاعات پر مشترکہ آپریشن کیا۔ آپریشن گزشتہ شب شروع ہوا اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ اے ایس آئی قمر عالم شہید ہوگئے۔ اس دوران ایک افسر اور جوان زخمی بھی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کمپاؤنڈ کو کلیئر کرنے اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن میں مصروف ہیں جبکہ تمام دہشت گردوں کی لاشوں کو بازیاب کرلیا گیا ہے اور ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

اس سے قبل کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود نے بھی جائے وقوع کا دورہ کیا اور حیات آباد کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔ لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود نے فورسز کے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور ہدایت کی کہ آپریشن کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر نہیں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران علاقہ مکینوں نے مکمل تعاون کیا ہے۔

مکینوں کی حفاظت کے لیے آپریشن میں مکمل احتیاط برتی گئی۔ ادھر پولیس اور خیبرپختونخوا حکومت کے حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ فائرنگ کا سلسلہ رات تقریباً 8 بجے شروع ہوا تھا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اہلکاروں اور ریسکیو فورسز کی مدد سے انہیں قریبی مکانات سے نکالا گیا۔ تاہم اس آپریشن کے دوران علاقے میں 2 خواتین زخمی بھی ہوئیں، جنہیں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار قمر عالم کی نماز جنازہ پشاور میں ملک سعد شہید پولیس لائنز میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں خیبرپختوخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان، کور کمانڈر شاہین مظہر محمود، انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس محمد نعیم اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے حیات آباد کے علاقے میں مبینہ دہشت گردوں کے چھپے ہونے کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کا آغاز کیا۔

loading...