پیرس کا نوٹرڈیم گرجا گھرآگ لگنے سے مکمل طور سے تباہ ہوگیا

  • منگل 16 / اپریل / 2019
  • 880

پیرس کے تاریخی گرجا گھر میں گزشتہ روز لگنے والی آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے۔ حکام نے آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

گزشتہ روز پیرس میں واقع تاریخی گرجا گھر نوٹرڈیم میں اچانک بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی تھی جس سے اس قدیم عمارت اور سیاحت کے ایک اہم مرکز کو شدید نقصان پہنچا۔ فائرفائٹرز نے کہا ہے کہ آتش زدگی سے 800 سو سال پرانے گرجاگھر کی چھت اور ایک مینارہ گر گیا تاہم اس کے پتھروں سے بنے ڈھانچے کو تباہ ہونے سے بچا لیا گیا۔

تاریخی کیتھڈرل میں آگ شام کے وقت بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے چھت اور ایک مینارے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ بجھانے کا عملہ مرکزی ٹاور کو آگ سے بچانے میں کامیاب ہو گیا جس پر گھنٹی نصب ہے۔ تاہم اس کوشش میں ایک فائر فائٹر زخمی ہو گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ تاحال انہیں مفروضوں پر کام کررہے ہیں کہ یہ آتشزدگی حادثاتی تھی تاہم آگ بجھانے والے عملے نے گرجا گھر میں موجود نوادرات سمیت اہم مواد کو ضائع ہونے سے بچا لیا ہے۔ حکام کے مطابق پانی اور آگ کے باعث گرجا گھر میں نصب اہم تصویریں ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔

فائیر برگیڈ حکام نے آتش زدگی کے مقام پر نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہم نے نوٹرڈیم کے دو ٹاورز کو تباہ ہونے سے بچا لیا ہے اس لیے ہمارا خیال ہے کہ تاریخی گرجا گھر کا مرکزی ڈھانچہ محفوظ ہے۔ اگرچہ آگ پر قابو پایا جا چکا ہے لیکن یہ خطرہ موجود ہے کہ اندورنی اسٹرکچر کے کچھ حصے گر سکتے ہیں۔ اسے بچانے کے لیے فائر فائٹر جلے ہوئے حصوں کو ٹھنڈا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

فرانس کے صدر نے کہا ہے کہ تاریخی کیتھڈرل کو اپنی اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔ نوٹرڈیم میں شدید آتش زدگی کے باعث صدر ایمنوئل میکرون نے قوم سے اپنے ٹیلی وژن خطاب کو ملتوی کر دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ ہونے والی ویڈیوز میں نوٹرڈیم کی مخروطی چوٹی شعلوں میں گھری ہوئی نظر آ رہی ہے اور آگ کے شعلے اور دھواں چھت سے اوپر اٹھ رہا ہے۔ آگ کی شدت سے گرجا گھر کی مخروطی چوٹی جل کر گر گئی۔

فرانسیسی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ آگ بجھانے کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ زیادہ تر امکان یہ ہے کہ آگ بھڑکنے کا تعلق گرجا گھر کی تزئین و آرائش کے کام سے ہے۔ ان دنوں گرجا گھر کی تزئین و آرائش اور مرمت کا کام ہو رہا ہے۔ عہدے داروں نے بتایا کہ گرجا گھر کے کئی حصوں میں مرمت اور تزئین و آرائش کے لیے مچانیں کھڑی گئی ہیں اور پچھلے ہفتے کانسی کے مجمسوں کو اس مقصد کے لیے وہاں سے ہٹایا گیا ہے۔

قرون وسطیٰ کے دور سے تعلق رکھنے والا یہ کیتھولک کیتھڈرل یورپ میں سیاحت کے سب سے بڑے مراکز میں شامل ہے جسے بڑی تعداد میں لوگ دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔ اس کیتھڈرل کا تعلق 12 صدی عیسوی سے ہے۔

loading...