کابینہ میں تبدیلی اور رد و بدل کی خبریں گمراہ کن ہیں: وزیر اطلاعات

  • سوموار 15 / اپریل / 2019
  • 360

حکومت نے وفاقی کابینہ میں تبدیلی کے حوالے سے میڈیا میں زیر گردش خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں من گھڑت قرار دے دیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ہر اجلاس کے بعد وفاقی کابینہ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں۔

ذرائع ابلاغ میں آج صبح سے ہی یہ خبریں زیر گردش کررہی تھیں کہ حکومت نے وزیر خزانہ سمیت 5 اہم وزارتوں کے قلمدان میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے اور جلد ہی اس سلسلے میں اعلان متوقع ہے۔

یہ خبر ایک ایسے موقع پر سامنے آئی تھی جب وزیر خزانہ اسد عمر انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ سے مذاکرات کے لیے واشنگٹن میں موجود ہیں جہاں بیل آؤٹ پیکج کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ تاہم اب حکومت کی جانب سے ایسی تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں من گھڑت قرار دے دیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر ان خبروں کی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی وزرا کے قلمدان تبدیل کیے جانے کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ وزرا کی تبدیلی وزیر اعظم کا صوابدیدی اختیار ہے اور میڈیا اس ضمن میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اس وقت پاکستان اہم مرحلے سے گزر رہا ہے اور اس نوعیت کی قیاس آرائیوں سے ہیجان جنم لیتا ہے، جو ملک کے مفاد میں نہیں۔ اس سے قبل وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے بھی ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی کابینہ میں تبدیلی کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعظم ہر اجلاس کے بعد وفاقی کابینہ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں اور وزارتوں کی تبدیلی کے حوالے سے نشر کی جانے والی خبریں من گھڑت ہیں۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ تصدیق کے بغیر خبریں نہ چلائیں کیونکہ اس سے ملک کا نقصان ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کر رہے ہیں۔ ملک میں بڑے فیصلے ہو رہے ہیں۔ معیشت بحال ہو رہی ہے اور ایسے میں اگر صبر کر لیا جائے تو بہتر ہے۔

فواد چوہدری نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کسی وزیر کو تبدیل نہیں کیا جا رہا اور وزیر اعظم عمران خان نے پیغام بھیجا ہے کہ وزرا کی تبدیلی کے حوالے سے میڈیا پر غلط خبریں چل رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بھی آئی ایم ایف سے بات حتمی مراحل میں ہوتی ہے تو اس طرح کی خبریں آتی ہیں۔ وزیر خزانہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کر کے آ رہے ہیں اور آئندہ 2 روز میں معیشت کے حوالے سے بڑی خبریں آنے والی ہیں۔

 

loading...