بی جے پی پر انتخاب جیتنے کے لئے خوف پیدا کرنے کا الزام

  • سوموار 15 / اپریل / 2019
  • 350

جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی لوک سبھا کے انتخابات جیتنے کے لیے قومی سلامتی کے نام پر خوف کی فضا قائم کررہی ہے۔

محبوبہ مفتی نے ایک  ٹوئٹ پیغام میں کہا کہ ’ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ الیکشن جیتنے کے لیے ہمارے جوانوں کی قربانیوں اور ووٹروں کو تقسیم کرنے کے حربے بی جے پی کے لیے فائدہ مند نہیں رہے۔ اب بھارتیہ جنتا پارٹی بالاکوٹ جیسی ایک اور اسٹرائیک کے لیے بظاہر قومی سلامتی کا استعمال کرتے ہوئے خوف کی فضا پیدا کررہی ہے‘۔

محبوبہ مفتی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے پاکستان مخالف بیانات کے بعد یہ ٹوئٹ پییغام جاری کیا ہے۔  رپورٹ کے مطابق اتر پردیش کے علاقے مراد آباد میں خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے پلوامہ حملے سے متعلق پاکستان مخالف بیان دیا تھا۔

نریند مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو امید ہے کہ پاکستان کے خلاف سخت موقف اختیار کرکے انہیں اپنی مقبولیت برقرار رکھنے میں مدد ملے گی کیونکہ گزشتہ برس دسمبر میں ریاستی انتخابات میں 3 اہم ریاستوں میں کانگریس کی کامیابی پر حکمران جماعت کو شدید دھچکا لگا تھا۔

واضح رہے کہ 14 فروری کو پلوامہ حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں شدید اضافہ ہونے کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بی جے پی پر قومی سلامتی کے معاملات کو ووٹرز کو متاثر کرنے کا الزام بھی کیا گیا۔

خیال رہے کہ بھارت میں ہونے والے انتخابات 19 مئی تک جاری رہیں گے۔ بھارت میں انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے۔

 

loading...